راجستھان میں کورونا: اَب شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک رہے گا نائٹ کرفیو، 5 بجے بازار اور 4 بجے سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان
گہلوت حکومت نے ریاست میں کووڈ-19 انفیکشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کو دیکھتے ہوئے 16 اپریل سے 30 اپریل تک کے لیے دو گھنٹے کا کرفیو بڑھانے کے ساتھ ہی ضروری گائیڈلائن بھی جاری کی ہے۔
راجستھان حکومت نے کورونا وائرس کی بڑھتی رفتار کو دیکھتے ہوئے نائٹ کرفیو کے وقت میں دو گھنٹے کا اضافہ کر دیا ہے۔ گہلوت حکومت نے جو نئی ہدایت جاری کی ہے اس کے مطابق اب ریاست میں دکانیں اور بازار شام پانچ بجے بند ہو جائیں گے۔ علاوہ ازیں سرکاری دفاتر بھی دو گھنٹے پہلے یعنی 4 بجے بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ملازمین ہی کام کریں گے، بقیہ 50 فیصد گھر سے کام کریں گے۔ تازہ ترین گائیڈ لائنس کے مطابق پہلے جو نائٹ کرفیو 8 بجے رات سے 6 بجے تک نافذ تھا، اب وہ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔ شادیوں میں جمع ہو رہی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ شادی میں 50 سے زائد لوگ شامل نہیں ہو سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ’اسپتال کی جگہ شمشان کی صلاحیت بڑھا رہی یوگی حکومت‘
گہلوت حکومت نے ریاست میں کووڈ-19 انفیکشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کو دیکھتے ہوئے 16 اپریل سے 30 اپریل تک کے لیے دو گھنٹے کا کرفیو بڑھانے کے ساتھ ہی ضروری گائیڈلائن بھی جاری کی ہے۔ ہدایت کے مطابق ریاست میں سبھی شہری علاقوں میں شہری بلدیہ کی حد میں شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو رہے گا۔ سبھی بازار، کام کے مقامات اور کمرشیل کمپلیکس نائٹ کرفیو کے دوران بند رہیں گے۔ بازار اور کمرشیل ادارے وغیرہ شام 5 بجے بند کر دیے جائیں گے تاکہ متعلقہ اسٹاف اور دیگر افراد شام 6 بجے تک اپنے گھر پہنچ جائیں۔
گائیڈ لائن میں بتایا گیا ہے کہ سبھی سرکاری دفاتر (کووڈ مینجمنٹ سے متعلق سبھی دفاتر، وار روم، کنٹرول روم کو چھوڑ کر) شام 4 بجے تک ہی کھلے رہیں گے۔ سبھی پرائیویٹ دفاتر اور ادارے بھی بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے اپنے یہاں کا وقت اسی مطابق تبدیل کر لیں تاکہ کسی کو مسئلہ نہ ہو۔
گائیڈ لائن میں اس تعلق سے بھی تفصیل دی گئی ہے کہ نائٹ کرفیو کے دوران کون سے ادارے کھلے رہ سکتے ہیں۔ ہدایت کے مطابق ایسی فیکٹریاں جن میں لگاتار پروڈکشن کا کام ہو رہا ہے، یا پھر ایسی فیکٹریاں جن میں نائٹ شفٹ جاری ہے، وہ کھلے رہ سکتے ہیں۔ آئی ٹی کمپنیوں کے لیے بھی چھوٹ دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں میڈیکل کی دکانوں کے علاوہ لازمی اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق دفاتر کو کھلے رکھنے کی اجازت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔