کورونا کی دوسری لہر میں 719 ڈاکٹرس انفیکشن سے ہلاک، تنہا بہار میں 111 اموات

انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق اب تک 719 ڈاکٹروں کی دوسری لہر میں کورونا انفیکشن سے موت ہوئی ہے۔ سب سے برا حال بہار کا رہا جہاں 111 ڈاکٹروں کی جان گئی۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی دوسری لہر ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور اس درمیان ڈاکٹروں کی لگاتار ہو رہی اموات نے طبی شعبہ کو پریشان کر دیا ہے۔ مریضوں کی جان بچاتے بچاتے روزانہ کوئی نہ کوئی ڈاکٹر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق دوسری لہر میں اب تک 719 ڈاکٹروں کورونا انفیکشن سے موت ہو چکی ہے۔ بہار کی حالت سب سے فکر انگیز ہے جہاں اب تک 111 ڈاکٹروں کی جان گئی ہے۔ آئی ایم اے کے مطابق پہلی اور دوسری لہر میں ڈاکٹروں کی ہوئی مجموعی تعداد کی بات کی جائے تو یہ 1467 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا انفیکشن کی پہلی لہر میں 748 ڈاکٹروں کی جان گئی تھی۔

بہار کے بعد دہلی ایسی ریاست ہے جہاں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے۔ ملک کی راجدھانی میں 109 ڈاکٹرس، اتر پردیش میں 79 ڈاکٹرس، راجستھان میں 43 ڈاکٹرس، جھارکھنڈ میں 39 ڈاکٹرس اور آندھرا پردیش میں 35 ڈاکٹرس کی جان دوسری لہر میں کورونا انفیکشن کی زد میں آنے سے ہوئی ہے۔ کچھ ایسی ریاستیں بھی ہیں جہاں کورونا انفیکشن کی وجہ سے ڈاکٹروں کی جان نہ کے برابر گئی ہے۔ مثلاً پڈوچیری میں ایک، تریپورہ میں 2، اتراکھنڈ میں 2، گوا 2 اور ہریانہ-جموں و کشمیر-پنجاب میں 3-3 ڈاکٹروں کی موت کورونا کی دوسری لہر کے دوران ہوئی ہے۔


آئی ایم اے کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق کورونا کی دوسری لہر میں بیشتر 30 سال سے 55 سال کے ڈاکٹروں کی جان گئی ہے۔ ان میں ریزیڈنٹ ڈاکٹر، انٹرن شپ کرتے ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ حاملہ خاتون ڈاکٹروں کی بھی جان گئی ہے۔ بہر حال، اچھی بات یہ ہے کہ ملک میں کورونا وبا کا گراف اب نیچے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 84 ہزار 332 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں اور 4002 متاثرین کی جان چلی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔