دہلی میں کانگریس بھی 15 سال برسراقتدار تھی اور بی جے پی اپوزیشن میں رہی، لیکن ایسا عدم استحکام نہیں تھا: دیویندر یادو

دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ اپنی شبیہ اور حکومت بچانے کے لیے عآپ کے سبھی وزراء اور اراکین اسمبلی نے پوری دہلی میں محاذ سنبھال رکھا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / آئی اے این ایس</p></div>

دیویندر یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی راجدھانی دہلی کا اقتدار کانگریس نے بھی 15 سال سنبھالا تھا اور تینوں ہی مدت کار میں بی جے پی اپوزیشن میں رہی، لیکن اس طرح عدم استحکام والی حالت کبھی پیدا نہیں ہوئی۔ اس وقت حالت یہ ہے کہ اپوزیشن جمہوری طریقے سے منتخب کی گئی آئینی حکومت پر حملہ آور ہے۔ یہ کانگریس کی قیادت، طریقہ کار اور انتظام و انصرام کا تجربہ ہی تھا کہ آج تک کانگریس حکومت میں رہنے والے کسی بھی وزیر یا ان کے اراکین اسمبلی نے بدعنوانی اور سرکاری محکموں میں بے ضابطگیوں کے سبب مجرمانہ معاملے کا سامنا نہیں کیا۔

دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کی عوام تک پہنچنے اور عوام کی پریشانیوں کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ ان کا حل تلاش کرنے میں ناکام بی جے پی و عآپ آئندہ اسمبلی انتخاب سے قبل اقتدار کی لڑائی میں سڑک پر اتر چکی ہے۔ دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ اپنی شبیہ اور حکومت بچانے کے لیے عآپ کے سبھی وزراء اور اراکین اسمبلی نے پوری دہلی میں محاذ سنبھال لیا ہے۔ وہ آبکاری گھوٹالہ کے ملزم کی شکل میں جیل میں بند اروند کیجریوال کے باہر آنے کی امید لگا کر پوسٹر تک نکال رہے ہیں۔


دیویندر یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ عآپ کو عدالتی نظام میں بھروسہ رکھتے ہوئے یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ قانون اپنا کام کر رہا ہے، اور منیش سسودیا و سنجے سنگھ سمیت دیگر آبکاری گھوٹالہ سے جڑے لوگ الزام سے بری نہیں ہوئے ہیں۔ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ جس عوام کے سامنے عآپ اراکین اسمبلی ’عآپ کا رکن اسمبلی، آپ کے دروازے‘ مہم کے تھت جا رہے ہیں، وہ عوام عآپ حکومت کی بدعنوانی، آبکاری گھوٹالہ، جَل بورڈ گھوٹالہ، ڈی ٹی سی گھوٹالہ، ہیلتھ گھوٹالہ، بجلی بلوں میں گھوٹالہ، سیور گھوٹالہ، ایم ایل اے لیڈ رقم گھوٹالہ، 11 محکموں کی سی اے جی رپورٹ کو روکنا، راشن گھوٹالہ، پنشن گھوٹالہ، محلہ کلینک گھوٹالہ کے بارے میں بھی پوچھ رہی ہے۔

عآپ حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں کی بدتر حکمرانی اور بدعنوانی والی روش کے سبب جہاں عآپ سے دہلی کی عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، وہیں 15 سالوں کے کارپوریشن میں طویل بدعنوانی اور گزشتہ 10 سالوں سے عوام کو نظر انداز کر رہی بی جے پی کو 26 سالوں سے دہلی کی عوام نے اقتدار سے دور رکھا ہے۔ کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ دہلی کی عوام سمجھ چکی ہے کہ عآپ اور بی جے پی صرف اپنے مفاد کی سیاست کرتی ہیں، انھیں عوام کی تکلیف اور ضروریات و پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ دیویندر یادو نے دہلی کی عوام سے یہ اپیل کی کہ وہ عآپ اور بی جے پی جیسی مفاد پرست پارٹیوں کو اکھاڑ پھینکیں اور کانگریس کو از سر نو ایک موقع دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔