بی جے پی آئین کو کمزور کر رہی اور عآپ آئین میں موجود دلتوں کے حقوق چھیننے کا کام کر رہی: دیویندر یادو
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ جب کانگریس دہلی میں برسراقتدار تھی تب دلتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی منصوبے نافذ کیے، جن میں دلت پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم، اعلیٰ تعلیم، وظیفہ وغیرہ دے کر مضبوط بنایا
نئی دہلی: ’’جس طرح بی جے پی طویل وقت سے آئین پر حملہ کر کے اسے کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اسی طرح عام آدمی پارٹی (عآپ) بھی آئین کے اندر موجود دلتوں کے حقوق کو چھیننے کا کام کر رہی ہے۔‘‘ یہ بیان دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عآپ کی میئر شیلی اوبرائے نے تیسری مدت کار میں دلت کونسلر کا میئر بننے سے متعلق حق چھین کر جبراً 5 ماہ سے میئر کے عہدہ پر قبضہ جمائے بیٹھی ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ ایم سی ڈی ایکٹ (دفعہ 35) میں موجود ضابطہ کے مطابق 31 مارچ 2024 کو میئر کی مدت کار ختم ہونے کے بعد دلت میئر بننا تھا۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ جب کانگریس دہلی میں برسراقتدار تھی تب دلتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی منصوبے نافذ کیے گئے تھے۔ ان میں دلت پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم، اعلیٰ تعلیم، وظیفہ وغیرہ سہولت دے کر مضبوط بنانا شامل ہے جسے کیجریوال حکومت نے پوری طرح سے ختم کر دیا۔ دلتوں کے لیے کالج/یونیورسٹی کے طلبا کے لیے میرٹ اسکالرشپ کے تحت 14-2013 میں شیلا حکومت نے 7163 طلبا کو تقریباً 5.80 کروڑ روپے دیے جو 23-2022 میں گھٹ کر صرف 1563 طلبا کو 1.61 کروڑ روپے رہ گئے، اور دسمبر 2023 تک 815 طلبا کو مجموعی طور پر 74 لاکھ روپے ملے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ پبلک اسکول میں ایس سی/ایس ٹی/او بی سی/اقلیتی طلبا کے لیے ٹیوشن فیس کی ادائیگی 23-2022 میں 28315 کے مقابلے میں 24-2023 میں گھٹ کر 6860 ہو گئی ہے جو گزشتہ سال کے تناسب میں ایک چوتھائی رہ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ درج فہرست سَب پلان (ذیلی منصوبہ) کے تحت 24-2023 میں 246 کروڑ روپے کا بجٹ الاٹ ہوا جس میں دسمبر 2023 تک سرف 37.18 کروڑ روپے خرچ ہوا جو الاٹ رقم کا محض 15.11 فیصد تھا۔ اسی طرح ایس سی/ایس ٹی/او بی سی طلبا کے لیے وزیر اعلیٰ اسٹوڈنٹ ہنر منصوبہ کی رقم نصف رہ گئی۔ 24-2023 میں 23 دسمبر تک 3599 طلبا کے لیے 1.56 کروڑ رہ گئی، جبکہ 2023 میں 15491 طلبا کے لیے 11.23 کروڑ روپے تھی۔ بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی امداد کی شکل میں دلت طلبا کو ملنے والی ٹیوشن فیس کی ادائیگی میں بھی کیجریوال حکومت نے بہت تخفیف کی ہے۔
اپنے بیان میں دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس واحد ایسی سیاسی پارٹی ہے جو آئین کو بچانے کی بات کرتی ہے اور دلتوں، پسماندوں، محروموں کو بچانے اور ان کے حقوق کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ عآپ کی حکومت میں استحصال زدہ، محروم طبقات کے بہود کے منصوبوں سے متعلق بجٹ میں لگاتار تخفیف ہو رہی ہے اور دلت سماج کے بہبود اور دلت طلبا کی ترقی و سہولیات کے لیے جو بڑے بڑے وعدے کیے تھے وہ صرف اعلانات بن کر رہ گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔