جموں میں اگنی پتھ کے خلاف کانگریس کا احتجاج ‘اسکیم ملک کے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ‘
پی سی سی چیف غلام احمد میر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس اسکیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ یہ ملک کی سیکورٹی کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہے۔
جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے اور توی پل کے نزدیک دھرنا دیا۔ اس موقع پر پی سی سی چیف نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم ملک کے نوجوانوں کے لئے ایک بہت بڑا دھوکہ ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کے روز جموں میں کانگریس کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر غلام احمد میر کی سربراہی میں کانگریس نے احتجاجی مظاہرئے کئے۔ ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے کانگریس ورکروں نے مرکزی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
پی سی سی چیف غلام احمد میر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس اسکیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ یہ ملک کی سیکورٹی کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس نے اس اسکیم کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ ´جی اے میر نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کو لاگو کرنے سے قبل اس کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہئے تھے تاکہ سبھی ممبران کی آراء حاصل کرنے کے بعد ہی اس پر کوئی فیصلہ لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا یہ غیر اعلانیہ ایمرجنسی نہیں ہے؟... سہیل انجم
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے یہ اسکیم ملک کے نوجوانوں پر تھوپی ہے جس کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ یہ اسکیم ملک کے نوجوانوں کو قبول نہیں لہذا کانگریس اُس وقت تک احتجاج جاری رکھے گی جب تک اس اسکیم کو کالعدم قرار نہیں دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔