کانگریس کے ذریعہ مہاجر مزدوروں کا ریل کرایہ برداشت کرنا بڑا قدم، ہو رہی تعریف

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ ”جب ہم بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو ہوائی جہاز سے بغیر کرایہ واپس لا سکتے ہیں، تو پھر غریب مزدوروں کو مفت ریل سفر کی اجازت کیوں نہیں دے سکتے۔“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وبا سے لڑنے کے لیے پی ایم مودی نے 'پی ایم کیئرس فنڈ' قائم کیا اور اس میں بڑی تعداد میں عام لوگوں نے بھی اپنی استطاعت کے مطابق عطیہ دیا۔ لیکن اس پی ایم کیئرس فنڈ پر اب سوال کھڑے ہو رہے ہیں اور خصوصی طور پر مہاجر مزدوروں کو اسپیشل ٹرین سے ان کے گھر پہنچانے کے لیے اس فنڈ کا استعمال نہ ہونے پر کئی لوگ ناراض ہیں۔ اس درمیان مہاجر مزدوروں سے محکمہ ریل کے ذریعہ کرایہ وصولنے کی کئی خبروں کو دیکھنے کے بعد جب کانگریس صدر سونیا گاندھی نے سبھی مزدوروں کا کرایہ برداشت کرنے کا اعلان کیا تو جہاں ایک طرف مزدوروں کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا، وہیں مودی حکومت اپنی دفاع میں حیلے حوالے پیش کرتی ہوئی نظر آئی۔

بہر حال، کانگریس کے ذریعہ مہاجر مزدوروں کا ریل کرایہ برداشت کرنے کے فیصلے کی کئی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔ مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے تو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ "مہاجر مزدوروں کا ٹرین کرایہ دینے کا کانگریس پارٹی کا عزم مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتا ہے۔ کانگریس صدر کا یہ ماسٹر اسٹروک امید ہے کہ مزدوروں کے لیے منافع بخش ہو اور مودی حکومت بھی ٹرین کرایہ میں مہاجر مزدوروں کو رعایت دے سکتی ہے۔"


دراصل سونیا گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ "کانگریس نے محنت کش مزدوروں و کامگاروں کے لئے مفت ریل سفر کے مطالبہ کو بار بار اٹھایا ہے۔ بدقسمتی سے نہ ہی حکومت نے سنی اور نہ ہی وزارت ریل نے۔ اس لیے کانگریس نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ ریاستی کانگریس کمیٹی کی ہر یونٹ ہر ضرورت مند مزدور و کامگار کے گھر لوٹنے کے لیے ریل سفر کا ٹکٹ خرچ برداشت کرے گی۔"


کانگریس صدر سونیا گاندھی کے اس بیان کے بعد پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا رد عمل بھی سامنے آیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کے ذریعہ مودی حکومت سے سوال کیا کہ "جب ہم بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو ہوائی جہاز سے بغیر کرایہ واپس لا سکتے ہیں، جب نمستے ٹرمپ پروگرام میں سرکاری خزانہ سے 100 کروڑ روپے خرچ کر سکتے ہیں، جب وزیر ریل پی ایم کیئرس فنڈ میں 151 کروڑ روپے دے سکتے ہیں تو پھر مزدوروں کو آفت کی اس گھڑی میں مفت ریل سفر کی سہولت کیوں نہیں دے سکتے؟"


اس تعلق سے کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے مہاجر مزدوروں کا کرایہ پی ایم کیئرس فنڈ سے ادا نہ کیے جانے کو ایک معمہ ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "ایک طرف ریلوے دوسری ریاستوں میں پھنسے مزدوروں سے ٹکٹ کا کرایہ وصول رہی ہے، وہیں دوسری طرف وزارت ریل پی ایم کیئر فنڈ میں 151 کروڑ روپے کا چندہ دے رہی ہے۔ ذرا اس معمہ کو حل کیجیے۔"


دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے بھی مہاجر مزدوروں کا کرایہ پی ایم کیئرس فنڈ سے ادا نہ کیے جانے پر حیرانی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "یہ حکومت ہند کی کیسی اخلاقیات ہے کہ وہ بھوکے پیاسے مہاجر مزدوروں سے ان کے سفر کا کرایہ وصول کر رہی ہے۔ ائیر انڈیا بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانیوں کو مفت میں واپس لے کر آئی۔ اگر ریلوے مزدوروں کا کرایہ دینے سے منع کرتی ہے تو اسے پی ایم کیئرس فنڈ سے دیا جانا چاہیے۔"


واضح رہے کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی مودی حکومت سے گزارش کی ہے کہ مزدوروں کا ریل کرایہ معاف کیا جائے۔ ادھو ٹھاکرے نے اتوار کے روز مرکزی حکومت کو بھیجے گئے اپنے ایک خط میں لکھا ہے کہ "کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران ٹرین سے اپنے آبائی شہر جانے والے مہاجر مزدوروں سے کرایہ نہ لیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 May 2020, 3:11 PM