سونیا گاندھی کا اعلان، گھر لوٹ رہے مزدوروں کے ریل سفر کا خرچ اٹھائے گی کانگریس
کانگریس نے فیصلہ لیا ہے کہ ہر ریاستی کانگریس کمیٹی ضرورت مند اور مہاجر مزدوروں کے ریل سفر کا خرچ اور ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ اس بات کی معلومات کانگریس صدر سونیا گاندھی نے دی ہے۔
کانگریس پارٹی ملک بھر میں اپنے گھروں کو واپس جانے والے ضرورت مند اور مہاجر مزدوروں کے سفر کا خرچ اٹھائے گی، اس بارے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج صبح ایک تحریری بیان جاری کیا ہے، پڑھیں کانگریس صدر سونیا گاندھی کا مکمل بیان:
یہ بھی پڑھیں : دہلی میٹرو نے لاک ڈاؤن میں 3500 سے زائد پھیرے لگائے
مزدور اور ورکرز ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کی محنت اور قربانی قوم کی تعمیر کی بنیاد ہے۔
صرف چار گھنٹے کے مختصر نوٹس پر لاک ڈاؤن کرنے کی وجہ سے مزدور اور ورکرز گھر واپس لوٹنے سے محروم ہو گئے، 1947 کے تقسیم ہند کے بعد ملک نے پہلی بار یہ دل دہلا دینے والا منظر دیکھا ہے کہ ہزاروں ورکرز اور مزدور سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر گھر واپسی کے لئے مجبور ہو گئے، نہ راشن، نہ پیسہ، نہ ادویات، نہ ہی اسباب، صرف اپنے خاندان کے پاس واپس گاؤں پہنچنے کا جذبہ، ان کی تکلیف سوچ کر ہی دل كانپ گیا، ان کےعزم و حوصلہ کو ہر ہندوستانی نے سراہا ہے۔
پر ملک اور حکومت کی ذمہ داری کیا ہے؟ آج بھی لاکھوں ورکرز اور مزدور پورے ملک کے مختلف کونوں سے گھر واپس جانا چاہتے ہیں، پر نہ ذریعہ ہے، اور نہ پیسہ، تکلیف دہ بات یہ ہے کہ حکومت ہند اور وزارت ریل ان محنت کشوں سے مشکل کی اس گھڑی میں ریل سفر کا کرایہ وصول کر رہے ہیں۔
مزدور اور ورکرز قوم کی تعمیر کے قاصد ہیں، جب ہم بیرون ملک میں پھنسے ہندوستانیوں کو اپنا فرض سمجھ کر ہوائی جہازوں سے بلا معاوضہ واپس لے کر آ سکتے ہیں، جب ہم گجرات کے صرف ایک پروگرام میں سرکاری خزانے سے 100 کروڑ روپے، ٹرانسپورٹ اور کھانے وغیرہ پر خرچ کر سکتے ہیں، جب وزارت ریل وزیر اعظم کے کورونا فنڈ میں 151 کروڑ روپے دے سکتا ہے، تو پھر وہ ترقی کے علمبرداروں کو آفت و مصیبت کی اس گھڑی میں مفت ریل سفر کی سہولت کیوں نہیں دے سکتی؟
یہ بھی پڑھیں : پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے 35 لاکھ سے تجاوز
انڈین نیشنل کانگریس نے محنت کش ورکرز اور مزدوروں کے لئے بلا معاوضہ ریل سفر کی مانگ کو بار بار اٹھایا ہے، بدقسمتی سے نہ حکومت ہند نے ایک سنی اور نہ ہی وزارت ریل نے۔
لہذا، انڈین نیشنل کانگریس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی کانگریس کمیٹی کی ہر یونٹ ہر ضرورت مند مزدور اور ورکرز کے گھر واپسی کے لئے ریل سفر کا ٹکٹ برداشت کرے گی اور اس بارے میں ضروری قدم اٹھائے گی۔ محنت کشوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہونے کے انسانی خدمت کے اس عزم میں کانگریس کا تعاون ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 May 2020, 10:11 AM