کانگریس کو عمران پرتاپ گڑھی جیسے مخلص اور محنتی کارکنان کی ضرورت: چودھری انل
کانگریس کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے نو تقرر چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کا دہلی کانگریس ہیڈکوارٹر ’راجیو بھون‘ میں پرجوش استقبال کیا گیا۔
دہلی پردیس کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ نے آج نوتقرر آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کا ریاستی ہیڈکوارٹر ’راجیو بھون‘ میں گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ اس موقع پر دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار بھی موجود تھے۔ پروگرام کا انعقاد دہلی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین علی مہندی نے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ عمران پرتاپ گڑھی کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کا چیئرمین بنانے پر میں کانگریس صدر سونیا گاندھی جی اور راہل گاندھی جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج کانگریس پارٹی کو زمین سے جڑے ہوئے اور عوامی ایشوز کو اٹھانے والے عمران پرتاپ گڑھی جیسے محنتی اور مخلص کارکنان کی ضرورت ہے۔ عمران بھائی نے ہر اس ایشو پر آواز بلند کی جو ملک کی عوام کے مفاد اور فلاح سے جڑا تھا۔‘‘
تقریب میں کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی نے اپنے خیالات رکھے۔ انھوں نے سب سے پہلے تو اقلیتی ڈپارٹمنٹ کا چیئرمین بنائے جانے پر کانگریس قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’مجھے جو اہم ذمہ داری دی گئی ہے اسے میں پوری ایمانداری کے ساتھ نبھاؤں گا اور ملک بھر میں اقلیتی طبقہ کی ترقی، فلاح اور ان کے حقوق کے لیے کام کروں گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی کانگریس لگاتار پٹرولیم مصنوعات کی شرحوں میں اضافہ کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت کو اپنے پٹرولیم وزیر دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ مانگنا پڑا۔ ساتھ ہی عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ’’مودی حکومت کی ضد اب نہیں چلے گی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی جی کی قیادت میں کانگریس کارکنان ان کی عوام مخالف پالیسیوں کی ہر قدم پر مخالفت کرے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔