ہماچل پردیش کے عوام اور ملک کے لئے ویربھدر سنگھ کی خدمات کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے کہا کہ ویربھدر سنگھ نے قوم اور ہماچل پردیش کے عوام کی چھ عشروں پر مشتمل خدمات کی وراثت کو اپنے پیچھے چھوڑا ہے اور وہ ہمیشہ اس کے لئے یاد کیے جائیں گے۔

ویربھدر سنگھ، آئی اے این ایس
ویربھدر سنگھ، آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ویربھدر سنگھ کے انتقال پر اہم شخصیات کی جانب سے تعزیت پیش کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ویربھدر سنگھ نے قوم اور ہماچل پردیش کے عوام کی چھ عشروں پر مشتمل خدمات کی وراثت کو اپنے پیچھے چھوڑا ہے اور وہ اپنی خدمات کے لئے ہمیشہ یاد کیے جائیں گے۔

سونیا گاندھی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ’’چھ مرتبہ کے وزیر اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر ہونے کے ناطہ انہیں مختلف ادوار میں متعدد قدآور رہنماؤں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اپنی انکساری اور ملنسار طبیعت کے لئے مقبول ویربھدر سنگھ عوام سے جڑے رہے اور اپنی انتظامی قابلیت کے دم پر مثبت تبدیلی لے کر آئے۔‘‘


سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ ویربھدر سنگھ کانگریس پارٹی کے سب سے قدآور لیڈران میں سے ایک تھے اور کانگریس کے لئے پوری طرح وقف رہے، پارٹی اور ریاست کے لئے ان کے بیش قیمتی تعاون کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ویربھدر سنگھ کا جمعرات کی صبح شملہ کے اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ویربھدر سنگھ کی عمر 87 سال تھی اور وہ کورونا سے متعلق پیچیدگیوں کا علاج کرا رہے تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی پرتبھا سنگھ، بیٹے شملہ دیہات سے ایم ایل اے وکرمادتیہ سنگھ اور بیٹی اپراجیتا سنگھ شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔