کانگریس رکن پارلیمنٹ نے پی ایم مودی اور انوراگ ٹھاکر پر لگایا گمراہی پھیلانے کا الزام، لوک سبھا اسپیکر کو لکھا خط

لوک سبھا میں کانگریس رکن منکم ٹیگور کے مطابق وزیر اعظم کا یہ بیان کہ کانگریس نے خواتین کو 8500 روپے ماہانہ دینے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا گمراہ کن ہے، یہ وعدہ تو ایسی صورت کے لیے تھا جب حکومت سازی ہوتی۔

<div class="paragraphs"><p>منکم ٹیگور/ تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

منکم ٹیگور/ تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو کانگریس رکن پارلیمنٹ منکم ٹیگور نے ایک خط لکھا ہے جس میں الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر لوک سبھا میں غلط اور گمراہ کن بیان دے رہے ہیں۔ منکم ٹیگور نے اسپیکر کو لکھے گئے اپنے خط میں گائیڈلائن 115(1) کے التزامات کو نافذ کرنے کی گزارش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں مناسب کارروائی شروع کی جائے۔

دراصل کانگریس کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کانگریس نے خواتین کو 8500 روپے ماہانہ دینے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا۔ اس تعلق سے اپوزیشن پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ وعدہ تو ایسی صورت کے لیے تھا جب کامیابی ملتی اور حکومت سازی ہوتی۔ کانگریس کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2 جولائی کو وزیر اعظم کا یہ بیان کہ کانگریس کا ووٹ شیئر ان 16 ریاستوں میں کم ہوا ہے جہاں اس نے تنہا انتخاب لڑا تھا، یہ حقائق پر مبنی نہیں تھا۔


منکم ٹیگور نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، کرناٹک، تلنگانہ وغیرہ میں کانگریس کا ووٹ شیئر بڑھا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کے وقت فوج کے لیے بلیٹ پروف جیکیٹ نہیں تھی، یہ پوری طرح سے گمراہی پھیلانے والا بیان ہے۔ جیکیٹ کی کمی تھی، ایسا نہیں ہے کہ جیکیٹ تھی ہی نہیں۔ حتیٰ کہ پولیس کے پاس بھی بلیٹ پروف جیکیٹ تھی۔ مثلاً ممبئی حملوں کے دوران اس کا استعمال ہوا تھا۔ کانگریس نے فوج کو جنگی طیارہ نہیں دیا، یہ بھی گمراہ کن بیان ہے۔ کانگریس کے وقت میں مگ 29، جگوار، میراز 2000 اور سکھوئی ایس یو 30 جیسے جنگی طیارے تھے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ نے یکم جولائی کو انوراگ ٹھاکر کے ذریعہ جنگی طیاروں کے بارے میں کیے گئے اسی طرح کے دعوے پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔ انوراگ ٹھاکر کا بیان یہ تھا کہ کانگریس نے فوج کو جنگی طیارے نہیں دیے، فوج کو اسلحے نہیں دیے وغیرہ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔