اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس سڑکوں پر ہے، لیکن عام آدمی پارٹی کہاں؟: اجے ماکن

اجے ماکن نے کہا کہ راجیندر نگر اسمبلی کے عوام بی جے پی اور کیجریوال حکومتوں کو یہ پیغام دینے کے لیے ضمنی انتخابات کے موقع کا استعمال کریں کہ دونوں حکومتیں ان کی خواہشات کے خلاف کام کر رہی ہیں۔

اجے ماکن راجندر نگر اسمبلی سیٹ پر ہو رہے  ضمنی انتخاب میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے
اجے ماکن راجندر نگر اسمبلی سیٹ پر ہو رہے ضمنی انتخاب میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور کانگریس جنرل سکریٹری اجے ماکن نے راجندر نگر ودھان سبھا کے اے بلاک نارائنا میں راجندر نگر ودھان سبھا کے ضمنی انتخاب کے موقع پر کانگریس کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کانگریس امیدوار پریم لتا کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اس موقع پر کانگریس امیدوار پریم لتا، سابق وزیر رما کانت گوسوامی، کانگریس کے سینئر لیڈر چتر سنگھ، برہم یادو وغیرہ موجود تھے۔ اجے ماکن کا خطاب سننے کے لیے مہیلا کانگریس، یوتھ کانگریس، سیوا دل، این ایس یو آئی سمیت تمام کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔ کانگریس پارٹی نے ان میں سے زیادہ تر لیڈروں اور کارکنوں کو راجندر نگر کے تمام بوتھوں پر ڈیوٹی لگائی ہے۔

اجے ماکن نے کارکنوں سے کہا کہ وہ بقیہ دنوں میں بھی پارٹی اور امیدوار کے لئے گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلائیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو بتانا ہے کہ اس ضمنی انتخاب میں نہ تو کوئی جیت رہا ہے اور نہ ہی کسی کی دہلی میں حکومت بنے گی۔ اس لیے عوام کو اس ضمنی انتخاب کے موقع کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی اور کیجریوال کی حکومتوں کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ دونوں حکومتیں ان کی امنگوں کے خلاف کام کر رہی ہیں۔


جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اجے ماکن نے کیجریوال حکومت پر دہلی کی ترقی کی رفتار کو روکنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے مہنگی بجلی، بے روزگاری، دہلی میں بسیں نہ خریدنا جیسے تمام مسائل پر کیجریوال کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی صنعتوں کو مہنگی ترین بجلی فراہم کرنا دہلی میں بے روزگاری کی ایک بڑی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں گرین بجٹ لایا گیا، آج دہلی میں سب سے زیادہ آلودگی ہے، اس سال روزگار کا بجٹ لایا گیا جب کہ بے روزگاری اپنے عروج پر ہے، انہوں نے کیجریوال حکومت پر اشتہارات کی حکومت ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے مفت اسکیموں پر کیجریوال حکومت کو گھیرتے ہوئے کارکنوں سے کہا کہ وہ عام لوگوں کو بتائیں کہ کیجریوال حکومت کی مفت اسکیمیں انہی کے ٹیکس کے پیسے سے چل رہی ہیں۔


اگنی پتھ اسکیم کے بارے میں کارکنوں کو تفصیل سے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے مودی حکومت نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ آج راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں، کانگریس پارٹی سڑکوں پر ہے لیکن اروند کیجریوال اور ان کی پارٹی کہیں نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے اروند کیجریوال پر بی جے پی کی بی ٹیم ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جب بی جے پی دہلی میں کانگریس سے جیت نہیں پائی تو انہوں نے عام آدمی پارٹی کو کھڑا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔