اگنی پتھ: پرینکا گاندھی کا نوجوانوں کے نام پیغام ’آپ سے بڑا محب وطن کوئی نہیں، کانگریس آپ کے ساتھ‘

پرینکا گاندھی نے نوجوانوں سے کہا کہ اس ملک کی املاک آپ کی ہے، اسے محفوظ رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہاں ستیہ گرہ پر بیٹھے ہیں کیونکہ ستیہ گرہ سچائی کی لڑائی ہے اور اسے عدم تشدد کے ساتھ لڑا گیا تھا۔

پرینکا گاندھی/ ٹوئٹر@INC
پرینکا گاندھی/ ٹوئٹر@INC
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں جنتر منتر پر اتوار کے روز کانگریس لیڈران نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ستیہ گرہ کیا۔ جس میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے متعدد اہم لیڈران نے شرکت کی۔ لیڈران نے ’اگنی پتھ‘ کے خلاف نعرے لکھی ہوئیں تختیاں تھام رکھی تھیں، انہوں نے اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

جنتر منتر پر ستیہ گرہ کے دوران اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ’’میں نوجوانوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ اس ملک کا مستقبل ہو۔ اس ملک میں آپ سے بڑا محب وطن کوئی اور نہیں ہے۔ میں نے آپ جیسے سینکڑوں بچوں سے بات کی۔ ہم آپ کا درد سمجھتے ہیں۔ پورا ملک سمجھ رہا ہے لیکن آپ کو یہ نہیں بھولنا ہے کہ یہ ملک آپ کا ہے۔‘‘


پرینکا گاندھی نے نوجوانوں سے مزید کہا، ’’اس ملک کی املاک آپ کی ہے، اسے محفوظ رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہاں ستیہ گرہ پر بیٹھے ہیں کیونکہ ستیہ گرہ سچائی کی لڑائی ہے اور اسے عدم تشدد کے ساتھ لڑا گیا تھا۔ اسی لڑائی کے دم پر اس ملک کو آزاد کرایا گیا تھا اور اس ملک کو آپ کے ہاتھ میں سونپا گیا تھا تاکہ آپ کا مستقل تابناک رہے۔‘‘

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا ’’میں آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ حالات کو سمجھئے۔ آپ کے آس پاس کیا ہو رہا ہے، حکومت کیسے چل رہی ہے، اس کو گہرائی سے سمجھئے۔ کسان تحریک کیوں چلائی گئی؟ کیونکہ ان کی خون پسینے کی کمائی کسی اور کو دی جا رہی تھی، یہ حکومت کسانوں کے لئے نہیں چل رہی تھی۔‘‘


انہوں نے مزید کہا کہ ’’اسی طرح یہ حکومت آپ کے لئے بھی نہیں چل رہی۔ یہ حکومت غریبوں، ملک کے نوجوانوں، ملک کی خواتین اور ملک کے باشندگان کے لئے نہیں چل رہی بلکہ یہ صرف چند بڑے بڑے صنعت کاروں کے لئے چل رہی ہے۔ یہ جو منصوبے بار بار آپ پر مسلط کئے جاتے ہیں ان کا مقصد اقدار میں بنے رہنا ہے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’آپ فوج میں بھرتی ہونے کا خواب دیکھتے ہیں، ملک کی حفاظت کو مضبوط بنانے کا خواب دیکھتے ہیں۔ آپ یہ خواب اس لئے بھی دیکھتے ہیں کہ بڑے ہو کر اپنے والدین کی دیکھ بھال کریں گے۔ سرحد پر جا کر اس ملک کے لئے اپنی جان دیں گے۔ آپ سے بڑا محب وطن کوئی اور نہیں ہے۔ نقلی قوم پرستوں کی شناخت کیجئے۔ آپ کی جدوجہد میں ملک آپ کے ساتھ ہے، پوری کانگریس پارٹی آپ کے ساتھ ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jun 2022, 3:18 PM