مہاراشٹر میں کانگریس کو ملی بڑی خوشخبری، بڑھ گئی انڈیا بلاک کی سیٹوں کی تعداد

سانگلی لوک سبھا سیٹ سے منتخب آزاد امیدوار وشال پاٹل نے کانگریس کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، اس بات کی جانکاری کانگریس صدر کھڑگے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دی ہے اور ان کی حمایت کا استقبال کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/kharge">@kharge</a></p></div>

تصویر@kharge

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب 2024 میں انڈیا بلاک نے مودی بریگیڈ کو زبردست ٹکر دی، اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ بی جے پی تن تنہا اکثریت حاصل کرنے سے بہت دور رہ گئی ہے۔ اس کو 240 سیٹیں ہی حاصل ہو سکی ہیں، اور اب وہ این ڈی اے میں شامل دوسری پارٹیوں کے رحم و کرم پر حکومت بنانے کو مجبور ہے۔ کانگریس کی قیادت والے انڈیا بلاک نے اپنی پوری طاقت سے انتخاب لڑ کر یہ ظاہر کر دیا ہے کہ اب ’مودی میجک‘ کے سہارے حکومت تشکیل نہیں دی جا سکتی۔ اس درمیان کانگریس کو ایک بڑی خوشخبری ملی ہے۔ مہاراشٹر کے ایک منتخب رکن پارلیمنٹ نے اس کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یعنی انڈیا بلاک کی سیٹوں کی تعداد میں ایک اضافہ ہو گیا ہے۔

دراصل مہاراشٹر کی سانگلی لوک سبھا سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب جیتنے والے وشال پاٹل نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کر اپنی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ کھڑگے نے ان کی حمایت کا استقبال بھی کیا ہے اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ مہاراشٹر کی عوام نے تکبر اور تقسیم کرنے والی سیاست کو سبق سکھایا ہے۔


ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں وشال پاٹل کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے۔ اس کے ساتھ وہ لکھتے ہیں کہ ’’مہاراشٹر کی عوام نے دھوکہ، تکبر اور تقسیم کی سیاست کو شکست دے دی ہے۔ یہ چھترپتی شیواجی مہاراج، مہاتما جیوتبا پھولے اور بابا صاحب امبیڈکر جیسے ہمارے مثالی لیڈروں کے لیے ایک سچی خراج عقیدت ہے، جنھوں نے سماجی انصاف، مساوات اور آزادی کے لیے لڑائی لڑی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب کا اعلان ہونے کے بعد وشال پاٹل سانگلی سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اترنا چاہتے تھے، لیکن سانگلی سیٹ شیوسینا (یو بی ٹی) کے حصے میں چلی گئی تھی۔ اس کے بعد وشال پاٹل نے آزاد امیدوار کی شکل میں پرچۂ نامزدگی داخل کیا اور جیت حاصل کی۔ اب انھوں نے کانگریس صدر سے ملاقات کر اپنی حمایت دے دی ہے۔ ظاہر ہے شیوسینا (یو بی ٹی) امیدوار یہ سیٹ ضرور ہار گئے، لیکن اس سے انڈیا بلاک کو نقصان نہیں ہوا ہے۔ سانگلی سیٹ پر وشال پاٹل کو 5 لاکھ 71 ہزار 666 ووٹ ملے۔ انھوں نے بی جے پی کے سنجے پاٹل کو 1 لاکھ 53 ووٹوں سے شکست دی۔ شیوسینا (یو بی ٹی) امیدوار چندرہار سبھاش پاٹل کو محض 60 ہزار 860 ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔