جموں و کشمیر میں تعینات اگنی ویر نکھل ڈڈوال کی مشتبہ حالت میں موت پر کانگریس کا اظہارِ فکر

کانگریس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اسی ماہ آگرہ کے ایئرفورس کیمپس میں اگنی ویر شری کانت چودھری نے گولی مار کر خود کو ختم کر لیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>اگنی ویر، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

اگنی ویر، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اگنی ویر منصوبہ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک جاری ہے۔ کانگریس لگاتار اس منصوبہ کو ختم کرنے کا مطالبہ مرکزی حکومت سے کر رہی ہے اور اس کے نقصانات بھی اکثر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ ظاہر کرتی رہی ہے۔ اس درمیان جموں و کشمیر کے اکھنور میں تعینات ایک اگنی ویر کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کانگریس نے اس خبر پر اظہارِ فکر کیا ہے اور متاثرہ کنبہ کے تئیں اپنی ہمدردی بھی ظاہر کی ہے۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’جموں و کشمیر کے اکھنور میں تعینات اگنی ویر نکھل ڈڈوال کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی ہے۔ کچھ خبروں میں خودکشی کرنے کی بات بتائی گئی ہے۔ ایشور ان کی روح کو سکون دیں۔ ہماری ہمدردی ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔‘‘


متاثرہ کنبہ کے تئیں اظہارِ تعزیت کرنے کے بعد کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اسی ماہ آگرہ کے ایئرفورس کیمپس میں اگنی ویر شری کانت چودھری نے گولی مار کر خود کو ہلاک کر لیا تھا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں اگنی ویر امرت پال سنگھ نے جموں و کشمیر میں ڈیوٹی کے دوران اپنی جان لے لی تھی۔ وہیں نومبر 2023 میں ہی اگنی ویر کی ٹریننگ لے رہی اپرنا نایر نے خودکشی کر لی تھی۔ اگنی ویروں سے جڑے یہ معاملے بے حد سنگین ہیں اور کئی سوال کھڑے کر رہے ہیں۔‘‘

کانگریس نے اگنی ویروں کے ذریعہ خودکشی کیے جانے کو انتہائی فکر انگیز معاملہ قرار دیا ہے۔ پارٹی نے سوال کیا ہے کہ یہ جوان آخر کس دباؤ میں کام کر رہے ہیں؟ ان جوانوں کو خودکشی کے لیے کیوں مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ یہ نوجوانوں کے مستقبل اور ملک کی سیکورٹی سے جڑا بے حد حساس معاملہ ہے، اس کی جانچ ہونی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔