گجرات اسمبلی انتخاب: کانگریس نے 42 لیڈروں پر مشتمل آبزرور کی ایک اسپیشل ٹیم تیار کی
کانگریس نے گجرات اسمبلی انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقتدار میں واپسی کے لیے 42 لیڈروں کی ایک خصوصی ٹیم تیار کی ہے، اس کے لیے کانگریس نے 5 بڑے لیڈروں کو زونل آبزرور بنایا ہے۔
گجرات اسمبلی انتخاب میں جیت درج کرنے کے لیے سبھی سیاسی پارٹیاں پورے زور و شور سے لگی ہوئی ہیں۔ گزشتہ انتخاب میں کچھ سیٹوں سے پیچھے رہنے والی کانگریس کی تیاری اس بار زوردار ہے۔ پارٹی نے گجرات کے اقتدار میں واپسی کے لیے 42 لیڈروں پر مشتمل ایک اسپیشل ٹیم تیار کی ہے۔ اس کے لیے کانگریس نے 5 بڑے لیڈروں کو زونل آبزرور بنایا ہے، جب کہ 32 لیڈروں کو لوک سبھا آبزرور اور 5 لیڈروں کو ایڈیشنل آبزرور مقرر کیا ہے۔
زونل آبزرور میں مکل واسنک، موہن پرکاش، پرتھوی راج چوہان، بی کے ہری پرساد اور کے ایچ منیپا کا نام شامل ہے۔ لوک سبھا آبزرور میں 32 نام ہیں جب کہ دیگر 5 ایڈیشنل آبزرور میں شکیل احمد خان، شیواجی راؤ موگے، کانتی لال بھوریا، راجیش للوٹھیا اور جئے کشن کو جگہ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گجرات میں اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی ’مشن گجرات‘ میں سرگرمی کے ساتھ مصروف دکھائی دے رہی ہے۔ پارٹی نے بوتھ سطح پر بھی بڑی تیاری کی ہے۔ پارٹی آئندہ 15 دنوں میں مجموعی طور پر 25 میگا ریلیاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان ریلیوں کے ذریعہ کانگریس گجرات کی 125 اسمبلی سیٹوں کا احاطہ کرے گی اور اس میں پارٹی کے تمام بڑے لیڈران شامل ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گجرات اسمبلی انتخاب کے لیے دو مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ گجرات میں پہلے مرحلہ کے تحت 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور دوسرے مرحلے میں 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخاب کے نتائج 8 دسمبر کو برآمد ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔