سدیکشا کے اہل خانہ سے کانگریس وفد کی ملاقات، پرینکا گاندھی نے بھیجا جذباتی پیغام
پرینکا گاندھی نے سدیکشا کے اہل خانہ کو بھیجے پیغام میں کہا کہ آپ کی بیٹی کی حادثاتی موت نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ میں بھروسہ دلانا چاہتی ہوں کہ انصاف کی لڑائی میں آپ خود کو تنہا مت سمجھیں۔
اتر پردیش کے بلند شہر میں گزشتہ دنوں ایک حادثہ کے دوران جان گنوانے والی اتر پردیش کی ہونہار بیٹی سدیکشا بھاٹی کے اہل خانہ سے جمعہ کو کانگریس کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ہدایت پر پہنچے نمائندہ وفد نے سدیکشا کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی معاشی مدد کے ساتھ کانگریس جنرل سکریٹری کے ذریعہ تحریر کردہ تعزیتی پیغام دے کر ہمدردی کا اظہار کیا۔
پرینکا گاندھی نے سدیکشا کے اہل خانہ کے نام لکھے اپنے خط میں کہا کہ "آپ کی بیٹی سدیکشا بھاٹی کے ساتھ سرزد ہوا واقعہ اور ان کی موت کی خبر نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ سدیکشا بے حد ہونہار اور بہادر لڑکی تھی۔ میں نے ان کی کچھ تقریریں سنیں۔ سدیکشا لڑکیوں کو ہونے والی دقتوں کو دل سے محسوس کرتی تھیں۔ ان کے دل میں لڑکیوں کی تعلیم اور اپنی فیملی کو لے کر ایک جذبہ تھا۔ اسی جذبے کے سبب انھوں نے پوری دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کیا۔"
کانگریس جنرل سکریٹری نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ "میں سمجھ سکتی ہوں کہ یہ آپ کے اور آپ کی پوری فیملی کے لیے انتہائی غم کا موقع ہے۔ میں آپ کو بھروسہ دلانا چاہتی ہوں کہ آپ سدیکشا کے لیے انصاف کی لڑائی میں خود کو تنہا مت سمجھیے گا۔ ہم سب آپ کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑے ہیں۔"
کانگریس نمائندہ وفد نے سدیکشا کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ سدیکشا کے انصاف کی لڑائی لڑنے کے لیے کانگریس پرعزم ہے۔ اس انصاف کی لڑائی کو مضبوطی سے لڑا جائے گا۔ اس نمائندہ وفد میں قومی سکریٹری روہت چودھری، ریاستی نائب صدر پنکج ملک، جنرل سکریٹری وریندر گڈو، ودِت چودھری، اوم ویر یادو، منوج چودھری، شیوپال سنگھ، ڈاکٹر مہندر ناگر، دیپک چوٹی والا، راجندر اوانا، پرسوتم ناگر، للت اوانا، اشوک شرما، اجیت دولا، ستیش شرما، سنجیو شرما وغیرہ لیڈران شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Aug 2020, 9:56 PM