پرینکا کی ہدایت پر مقتول صحافی سلبھ کے اہل خانہ سے کانگریس وفد کی ملاقات

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ہدایت پر ایک نمائندہ وفد آج پرتاپ گڑھ پہنچا اور مہلوک صحافی سلبھ شریواستو کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے انھیں صبر و حوصلہ کی تلقین کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اتر پردیش میں جرائم کے بڑھتے واقعات پر اکثر فکر کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، اور جس طرح گزشتہ 13 جون کو پرتاپ گڑھ ضلع میں صحافی سلبھ شریواستو کی مشکوک حالت میں موت ہوئی، اس کے خلاف کانگریس لگاتار آواز بلند کر رہی ہے۔ پہلے تو کانگریس جنرل سکریٹری اور یو پی انچارج پرینکا گاندھی نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر پورے معاملے کی سی بی آئی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا، اور اب مقتول صحافی سلبھ شریواستو کے پرتاپ گڑھ واقع گھر پہنچ کر پارٹی وفد نے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی کی ہدایت پر ایک نمائندہ وفد آج پرتاپ گڑھ پہنچا اور مہلوک صحافی کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے انھیں صبر اور حوصلہ کی تلقین کی۔ اس نمائندہ وفد میں رکن اسمبلی سہیل انصاری، سشیل پاسی، ضلع صدر برجیندر مشرا سمیت کئی لیڈران شامل تھے اور انھوں نے سلبھ شریواستو کے گھر والوں کو یقین دلایا کہ ہر مشکل وقت میں پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ پرینکا گاندھی کی ہدایت پر غم میں ڈوبے اہل خانہ کو پارٹی کی جانب سے مالی امداد بھی کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔


واضح رہے کہ سلبھ شریواستو کی موت کے لیے کچھ لوگ علاقے میں سرگرم شراب مافیا کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھے خط میں اس بات کا تذکرہ بھی کیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلبھ نے پولیس کو ایک تحریر دی تھی جس میں لکھا تھا کہ شراب مافیا غیر قانونی شراب سے متعلق ان کی خبروں سے ناراض ہیں، لہٰذا وہ اپنے اور اپنے کنبہ کے تحفظ کو لے کر پریشان ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تحریری درخواست پر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شرپسندوں نے سلبھ کو مار ڈالا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔