مسلمانوں سے متعلق پی ایم مودی کے بیان پر کانگریس ناراض، الیکشن کمیشن سے کی 17 شکایتیں، کارروائی کا مطالبہ

ابھیشیک منو سنگھوی، سلمان خورشید اور گردیپ سنگھ سپل پر مشتمل کانگریس کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور پی ایم مودی کے خلاف شکایات اس کے سامنے رکھی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

راجستھان کے بانسواڑہ میں مسلمانوں کے تعلق سے دیئے گئے پی ایم مودی کے بیان کی ہر سطح پر مذمت ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر تو لوگوں کا اس کے خلاف زبردست غصہ پھوٹ پڑا ہے۔ اسی درمیان کانگریس پارٹی نے پی ایم مودی کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار (21 اپریل) کو راجستھان کے بانسواڑہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو وہ لوگوں کی املاک کو مسلمانوں میں بانٹ دے گی۔ کانگریس نے پی ایم مودی کے اس بیان کو مذہبی منافرت پھیلانے والا نیز انتخابی ضابطۂ اخلاق کی صریح خلاف ورزی بتاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکات کی ہے۔ اس ضمن میں ابھیشیک منو سنگھوی، سلمان خورشید اور گردیپ سنگھ سپل پر مشتمل کانگریس کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور اپنی باتیں ان کے سامنے رکھیں۔ اس موقع پر وفد نے 17 شکایات پر مشتمل ایک میمورنڈم بھی الیکشن کمیشن کو سونپا، جس میں 5 شکایتیں اہم ہیں۔


کانگریس کے اس وفد کے ذریعے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرانے کے علاوہ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انہوں نے اتوار کے روز لکھا کہ ’’آج مودی جی کی بوکھلاہٹ ان کی تقریر سے ظاہر ہوئی، جس سے پتہ چلا کہ پہلے مرحلہ کے ریزلٹس میں انڈیا اتحاد جیت رہا ہے۔ مودی جی نے جو کچھ کہا وہ یقیناً نفرت انگیز تو ہے ہی، توجہ ہٹانے کی ایک سوچی سمجھی سازش بھی ہے۔ وزیر اعظم نے آج وہی کیا جو انہیں سنگھ کے سنسکاروں (اقدار) سے ملا ہے۔ اقتدار کے لیے جھوٹ بولنا، باتوں کو غلط پیرایہ میں پیش کرتے ہوئے مخالفین پر جھوٹے الزامات عائد کرنا، یہ سنگھ اور بی جے پی کی تربیت کی خصوصیت ہے۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’ملک کے 140 کروڑ لوگ اب اس جھوٹ کے شکار نہیں ہوں گے۔ ہمارا منشور ہر ہندوستانی کے لیے ہے۔ سب کی برابری کی بات کرتا ہے۔ سب کے لیے انصاف کی بات کرتا ہے۔ کانگریس کا ’نیائے پتر‘ سچائی کی بنیاد پر قائم ہے۔ ہندوستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم نے اپنے عہدے کے وقار کو اتنا نہیں گرایا جتنا مودی جی نے گرایا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔