’جمہوریت خطرے میں ہے‘، سورت لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے بلامقابلہ منتخب ہونے پر جئے رام رمیش کا شدید رد عمل

سورت کے ضلع الیکشن افسر نے سورت لوک سبھا سے کانگریس کے امیدوار نیلیش کمبھانی کی نامزدگی کو منسوخ کر دیا۔ اس کی وجہ ’تین تجویز کنندگان کے دستخطوں کی تصدیق میں خامی’ بتائی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>جئے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جئے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گجرات کی سورت لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار مکیش دلال بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کے انتخاب کو بی جے پی کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کا پہلا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مگر مکیش دلال کے اس بلا مقابلہ منتخب ہونے کے عمل کا تجزیہ کرتے ہوئے کانگریس نے اسے جمہوریت کے لیے خطرہ اور ’میچ فکسنگ‘ قرار دیا ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس ضمن میں ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’جمہوریت خطرے میں ہے، آپ کرونولوجی کو سمجھیے‘‘۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے اس لوک سبھا سیٹ پر کانگریس کے امیدوار کے فارم کو نا منظور کرنے سے لے کر مکیش دلال کے بلا مقابلہ انتخاب تک کو نکات کے اعتبار سے پیش کیا ہے۔


جئے رام رمیش نے کرونولوجی کے انداز میں جو نکات پیش کیے ہیں وہ اس طرح ہیں:

  • سورت کے ضلع الیکشن افسر نے سورت لوک سبھا سے کانگریس کے امیدوار نیلیش کمبھانی کی نامزدگی کو منسوخ کر دیا۔ اس کی وجہ ’تین تجویز کنندگان کے دستخطوں کی تصدیق میں خامی‘ بتائی گئی۔

  • کچھ اسی طرح کی وجہ بتا کر افسران نے سورت سے کانگریس کے متبادل امیدوار سریش پڈسالا کی نامزدگی کو خارج کر دیا۔ کانگریس پارٹی بغیر امیدوار کے رہ گئی۔

  • بی جے پی امیدوار مکیش دلال کو چھوڑ کر باقی تمام امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

  • 7 مئی 2024 کے انتخاب سے تقریباً دو ہفتے قبل ہی 22 اپریل 2024 کو سورت لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار کو ’بلا مقابلہ‘ جتا دیا گیا۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’وزیر اعظم مودی کے ’انیائے کال‘ (دورِ ناانصافی) میں ایم ایس ایم ای مالکان اور تاجروں کی پریشانیوں اور غصے سے بی جے پی اس قدر خوفزدہ ہو گئی ہے کہ وہ سورت لوک سبھا کا ’میچ فکس‘ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سیٹ کو وہ لوگ 1984 کے لوک سبھا انتخاب کے بعد سے مسلسل جیتتے آ رہے ہیں۔ ہمارے انتخابات، ہماری جمہوریت، بابا صاحب امبیڈکر کا آئین، سب کچھ سنگین خطرے میں ہیں۔ میں پھر دہرا رہا ہوں، یہ ہماری زندگی کا سب سے اہم الیکشن ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔