کانگریس نے اڈانی معاملہ پر وزیر اعظم مودی سے پوچھا 100واں سوال، ایوان میں جواب دینے کا مطالبہ

جے رام رمیش نے کہا ’’ہم یہ سوال صنعت کار گوتم اڈانی سے نہیں پوچھ رہے ہیں، بلکہ ہم یہ سوالات ملک کے وزیراعظم سے پوچھ رہے ہیں۔ انہیں ایوان میں ان کا جواب دینا چاہئے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس نے بدھ (22 مارچ) کو اڈانی معاملے پر وزیر اعظم مودی سے 100واں سوال پوچھا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری و شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ اڈانی کے تعلق سے حکومت کی پالیسی اور نیت اچھی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ کانگریس نے اڈانی معاملہ پر جے پی سی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ ایک ماہ میں پارٹی نے اڈانی معاملے پر وزیر اعظم مودی سے 99 سوالات پوچھے ہیں اور 100ویں اور آخری سوال کے ساتھ اس سلسلہ کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو تمام سوالوں کا جواب دینا چاہیے اور اپنی خاموشی کو ترک کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں کانگریس نے گزشتہ روز بھی تین سوال پوچھے تھے۔


جے رام رمیش نے کہا کہ سپریم کورٹ کمیٹی اور جے پی سی کے درمیان ایک بنیادی فرق وہ سوالات ہیں جو ہم (اپوزیشن) پوچھ رہے ہیں۔ حقیقت صرف اور صرف جے پی سی کی تحقیقات سے ہی عیاں ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے پی سی میں حکمراں پارٹی اکثریت میں ہے اور صدر بھی ان کا ہی ہوگا، پھر بھی اپوزیشن پارٹی کو موقع مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی کمیٹی حکومت کے لیے کلین چٹ کمیٹی ثابت ہوگی، کیونکہ یہ حکومت سے مناسب سوالات نہیں کرے گی۔ اڈانی کے بارے میں حکومت کی پالیسی اور نیت ٹھیک نہیں ہے، اس لیے سوالات کے جواب نہیں دیئے جا رہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم یہ سوال صنعت کار گوتم اڈانی سے نہیں پوچھ رہے ہیں، بلکہ ہم یہ سوالات ملک کے وزیراعظم سے پوچھ رہے ہیں۔ انہیں ایوان میں ان کا جواب دینا چاہئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔