’فصل انشورنس اسکیم سے کمپنیوں نے 40 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمایا، کسانوں کو کیا ملا؟‘ جئے رام رمیش نے پوچھا سوال
جئے رام رمیش نے ایک ویڈیو جاری کر کہا کہ ’’2016 میں وزیر اعظم نے فصل انشورنس اسکیم نافذ کیا، اس کا کیا نتیجہ نکلا؟ انشور کمپنیوں نے اس اسکیم سے 40 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔‘‘
کانگریس نے 28 مئی کو دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم فصل انشورنس اسکیم سے انشورنس کمپنیوں نے 40 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے، جبکہ کسان انشورنس کی رقم کی ادائیگی نہیں ہونے کی پریشانی میں مبتلا ہیں۔ پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس تعلق سے کہا کہ اقتدار میں آنے پر کانگریس انشورنس رقم کے لیے دعویٰ کرنے کے 30 دنوں کے اندر ادائیگی یقینی بنائے گی۔
جئے رام رمیش نے ایک ویڈیو جاری کر کہا ہے کہ ’’2016 میں اس وقت کے وزیر اعظم نے فصل انشورنس اسکیم نافذ کیا۔ اس کا کیا نتیجہ نکلا؟ انشورنس کمپنیوں نے وزیر اعظم فصل انشورنس اسکیم سے 40 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔ وہیں کسان انشورنس رقم کی ادائیگی نہیں ہونے کی پریشانی میں مبتلا ہیں۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری نے پارٹی کی گارنٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس کی کسان نیائے گارنٹی میں یہ بھی شامل ہے کہ دعویٰ کرنے کے 30 دنوں کے اندر انشورنس کی رقم براہ راست اکاؤنٹ میں ادائیگی یقینی بنانا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ وزیر اعظم فصل انشورنس اسکیم میں پوری طرح سے تبدیلی کر کے اسے کسانوں کے مفاد میں بنانا ہے۔‘‘
جئے رام رمیش نے ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ مغربی بنگال میں انتخابی جلسہ کیے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے ان سے ریاست سے متعلق کچھ معاملوں پر سوال بھی کیا۔ انھوں نے پوچھا کہ ’’کیا وزیر اعظم مغربی بنگال کے لوگوں کی زندگی کو اہمیت دیتے ہیں؟ وزیر اعظم ہمیشہ مغربی بنگال کو بدنام کیوں کرتے رہتے ہیں؟ مغربی بنگال کے لیے منریگا کا پیسہ تقریباً تین سالوں سے کیوں روک دیا گیا ہے؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔