بالائی مقامات پر برف باری کے سبب سرد لہر، دہلی میں فضا ’انتہائی خراب‘، کل بارش کی پیش گوئی

قومی راجدھانی دہلی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش سمیت شمالی ہندوستان میں سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دسمبر کے وسط میں ہی کئی مقامات پر کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے چلا گیا ہے۔

برفباری / تصویر آئی اے این ایس
برفباری / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بالائی مقامات پر برف باری کے سبب سرد لہر کا زور بڑھ رہا ہے۔ موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ کے مشرقی علاقوں میں ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر نظر آ رہا ہے۔ تازہ ویسٹرن ڈسٹربنس 15 دسمبر کی شام سے مشرقی ہمالیائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

راجستھان کے مشرقی علاقوں پر گردابی ہواؤں کا دباؤ بنا ہوا ہے۔ وہیں شمالی ہندوستان کی دیگر ریاستوں میں بھی موسمی سرگرمیاں تبدیل ہو رہی ہیں۔ قومی راجدھانی دہلی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش سمیت شمالی ہندوستان میں سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دسمبر کے وسط میں ہی کئی مقامات پر کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے چلا گیا ہے۔


دہلی میں آج یعنی 15 دسمبر کو ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 346 ریکارڈ کیا گیا، جوکہ انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ ہوا کے معیار کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فور کاسٹنگ اینڈ ریسرچ (سفر) کے مطابق، دہلی کی ہوا اگلے دو دنوں تک 'انتہائی خراب' زمرے میں رہنے کا خدشہ ہے کیونکہ ہوا کی رفتار معتدل ہے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں کم از کم درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری کم یعنی 8 ڈگری سیلسیس جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی 16 دسمبر کو ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارش کا امکان ہے۔


بالائی مقامات کی بات کریں تو اتراکھنڈ کے چمولی، جوشی مٹھ، اولی سمیت تمام بالائی مقامات پر شدید برف باری کے بعد سرد لہر کا زور بڑھ گیا ہے۔ بدری ناتھ دھام میں گزشتہ ہفتے ہوئی شدید برف باری کے بعد ہر طرف برف کی سفید چادر نظر آ رہی ہے۔ یہاں رات کا درجہ حرارت منفی 5 تک پہنچ رہا ہے۔ تاہم سیاحوں کی بڑی تعداد اولی کے علاوہ دیگر بالائی سیاحتی مقامات کی طرف رخ کر رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں 16 دسمبر سے اگلے 4-5 دنوں تک بارش اور برف باری کا انتباہ جاری کیا ہے، جس کی وجہ سے سرد لہر کا زور برقرار رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔