یوپی میں سردی کا ستم جاری، بارش کے آثار

مظفر نگر، میرٹھ، بلند شہر، بریلی، مرادآباد، آگرہ اور اٹاوہ سمیت مغربی اترپردیش کے زیادہ شہروں میں ٹھنڈ سے بچنے کے لئے لوگ آلاؤ تاپتے نظر آئے۔

سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش
سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں گھنے کہرے، گلن بھری ٹھنڈ اور شیت لہر سے بدھ کو بھی معمولات زندگی متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 72گھنٹوں میں ریاست کے کئی مقامات پر بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔ ریاست کے کئی علاقے دیر رات سے گھنے کہرے کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں۔ کہرے اور دھند کی وجہ سے کچھ علاقوں میں دوپہر تک دھوپ کی کرنوں نے زمین کی سیر نہیں کی تھی۔ وہیں نشتر بھری برفیلی ہواؤں سے بچنے کے لئے لوگ سر سے پیر تک گرم کپڑوں میں لپٹے نظر آئے۔

اس مدت میں ہوا کی کوالٹی بیحد خراف رہی اور لکھنؤ سمیت زیادہ تر شہروں میں ہوا کی کوالٹی کا انڈکس 220 سے 325 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ دوپہر ایک بجے تک زیادہ تر اضلاع میں درجہ حرارت 15 تا 18 ڈگر سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھنڈ سے فی الحال راحت ملنے کے کوئی آثار نہیں ہیں، حالانکہ جمعرات کو کئی علاقوں میں دھوپ نکلنے سے درجہ حرارت میں معمولی اضافے کے امکان ہیں۔ جمعہ کو ایک دو مقامات پر بارش کے فوارے دستک دے سکتے ہیں، جبکہ ہفتہ سے اگلے تین دنوں تک زیادہ تر علاقوں میں بارش کے بوندیں لوگوں کو ایک بار پھر شدید ٹھنڈ کا احساس کراسکتی ہیں۔

موسم کی تند مزاجی کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے بیمار، کمزور اور بزرگوں کو خاص احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔ کہرے اور دھند کی وجہ سے خراب ہوئی ہوا کوالٹی کی وجہ سے سانس اور دل کے مریضوں کی پریشانی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ لوگوں کو فی الحال صبح کی سیر سے بچنا چاہئے اور ضرورت پڑنے پر گرم کپڑے پہن کر باہر نکلیں۔


راجدھانی لکھنؤ کے زیادہ تر علاقوں میں کہرے کا قہر صبح 11بجے تک رہا جس کی وجہ سے سڑکیں ویران رہیں۔ دوپہر 12بجے سورج کی کرنوں نے دستک دی، لیکن دھند اور برفیلی ہواؤں نے سورج کی تپش کو بے اثر کر دیا۔ بادلوں سے ڈھکے آسمان اور شیت لہر سے مذہبی شہر وارانسی کے گھاٹوں میں گہماگہمی بے حد کم رہی۔

پریاگ راج میں سخت سردی کی ٹھنڈ کے باوجود کلپواس کر رہے عقیدت مند سنگم میں ڈبکی لگاتے نظر آئے۔ عام طور پر صبح سے ہی مزدوروں اور پیشہ وروں سے گلزار رہنے والے کانپور میں صبح دس بجے سڑک پر بھیڑ بھاڑ کافی کم رہی۔


مظفر نگر، میرٹھ، بلند شہر، بریلی، مرادآباد، آگرہ اور اٹاوہ سمیت مغربی اترپردیش کے زیادہ شہروں میں ٹھنڈ سے بچنے کے لئے لوگ آلاؤ تاپتے نظر آئے۔ گورکھپور، دیوریا، بستی، اعظم گڑھ اور سدھارتھ نگر میں شیت لہر اور کہرے کا قہر جاری ہے۔ گورکھپور میں سرد ہواوں نے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔

وہیں سخت کہرے اور دھند کا اثر سڑک، ریل اور ہوائی آمدورفت پر بھی پڑا ہے۔ اموسی اور بابت پور ائیر پورٹ پر آج بھی کئی اڑانین طے شدہ وقت سے کافی تاخیر سے رن وے پر دوڑیں، جبکہ کچھ کو منسوخ کرنا پڑا۔ ریلوے نے بھی لمبی روٹ کی کچھ ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا، وہیں راپتی ساگر، پشپک ایکسپریس اورامرتسر کٹیہار ایکسپریس سمیت کئی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے 12گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔