چھتیس گڑھ: دھان خریداری کو لے کر وزیر اعلیٰ بگھیل نے وزیر اعظم مودی کو لکھا خط

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ریاست میں خریف مارکیٹنگ سیزن 21-2020 میں دھان کی خرید کرنے کے لیے فوری اجازت دینے کی گزارش کی ہے۔

بھوپیش بگھیل، تصویر آئی اے این ایس
بھوپیش بگھیل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مرکزی حکومت کے ذریعہ دھان خریداری کو لے کر ابھی تک منظوری نہیں دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا ہے۔ بگھیل نے خط کے ذریعہ ریاست میں خریف مارکیٹنگ سیزن 21-2020 میں دھان کی خرید کرنے کے لیے فوری اجازت دینے کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ ’’مرکزی حکومت سے خرید کی اجازت نہیں ملنے کے سبب چھتیس گڑھ کے مختلف خرید مراکز سے دھان نہیں اٹھایا جا رہا ہے، اس کی وجہ سے پورا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ اس سے نئے دھان کے ذخیرے میں بھی تاخیر ہوگی۔‘‘

وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بتایا کہ دھان خرید میں تاخیر ہونے سے چھتیس گڑھ میں رجسٹرڈ 21.52 لاکھ کسانوں کی روزی روٹی پر بھی منفی اثر پڑے گا، اس لیے فوری طور پر دھان خرید کی منظوری ضروری ہے۔ دراصل ملنگ کے بعد سنٹرل پول کے لیے انڈین فوڈ کارپوریشن کے ایم ایس پی پر خریدے گئے دھان کی تقسیم کی اجازت بھی حکومت ہند کے فوڈ اینڈ پبلک ڈسٹریبیوشن ڈپارٹمنٹ سے ملنی باقی ہے۔ خط میں وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے پہلے مرکزی وزیر برائے خورد و نوش کو کئی خط لکھے اور فون پر بات چیت کر کے ضروری اجازت نامہ جاری کرنے کی گزارش کی تھی لیکن اب تک منظوری نہیں دی گئی ہے۔


بہر حال، وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اپنے کابینہ اراکین کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دھان خرید کے عمل میں بوروں کی کمی بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔ بگھیل نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ریاست نے حکومت ہند کے جوٹ کمشنر سے 3 لاکھ بوریوں کا بھی مطالبہ کیا تھا، لیکن ریاست کو صرف 1.45 لاکھ بورے ہی الاٹ کیے گئے تھے، اس میں سے بھی 1.05 بورے ہی اب تک ملے ہیں۔‘‘

دھان خرید کے تعلق سے بگھیل نے بتایا کہ خریف مارکیٹنگ سیزن 21-2020 میں مرکز نے چھتیس گڑھ حکومت کو 60 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدنے کی منظوری دی تھی۔ اس کے بعد ریاست نے یکم دسمبر 2020 سے ایم ایس پی پر دھان خریدنا شروع کر دیا۔ اب تک 12 لاکھ کسانوں سے تقریباً 47 لاکھ ٹن کی خرید کی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔