ملک میں کوئلہ بحران کے لیے مودی حکومت ذمہ دار، مرکز میں بیٹھے لوگ اقتدار نہیں چلا سکتے: بھوپیش بگھیل

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ مرکز میں بیٹھے لوگ حکومت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے، وہ ٹرین نہیں چلا سکتے، بجلی پلانٹ کو کوئلہ نہیں دے سکتے، نوجوانوں کو روزگار نہیں دے سکتے۔

بھوپیش بگھیل، تصویر یو این آئی
بھوپیش بگھیل، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کھاد کی کمی اور چھتیس گڑھ سے گزرنے والی 18 ٹرینیں رد ہونے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ بگھیل نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کے لیے کھاد کی فراہمی نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے جتنا ہم نے ڈیمانڈ کیا ہے اس کا 75 فیصد کھاد ہی مل پایا ہے۔ ہمارے افسران لگاتار لگے ہوئے ہیں کہ کھاد کی فراہمی ہو، لیکن ابھی تک مسئلہ کا حل نہیں نکل سکا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل بھاتری سنگھ کے بانی رکن، سابق رکن پارلیمنٹ آنجہانی رامادھار کشیپ کے یوم وفات کی تقریب میں شامل ہونے بلاس پور پہنچے تھے۔ اس دوران انھوں نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمت اور ٹرینوں کو لگاتار رد کیے جانے سے عوام کو ہو رہی پریشانی کا تذکرہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹرینیں رد ہونے سے عوام کے لیے سستے ٹرانسپورٹیشن کا ذریعہ بند ہو ہو جاتا ہے، اور اس کے ذریعہ حکومت عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کا کام کر رہی ہے۔ بگھیل نے مزید کہا کہ مرکز میں بیٹھے لوگ حکومت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ وہ ٹرین نہیں چلا سکتے، بجلی پلانٹ کو کوئلہ نہیں دے سکتے، نوجوانوں کو روزگار نہیں دے سکتے، اس لیے وہ اگنی پتھ منصوبہ لے کر آئے۔ مرکز صرف ضروری چیزوں کی قیمتیں بڑھا رہا ہے، انھوں نے ملک میں کوئلہ کا بحران پیدا کیا ہے۔


وزیر اعلیٰ بگھیل نے مسافر ٹرینوں کو لگاتار بند کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو افسوسناک بتایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کے لوگوں کی سہولیات کو مرکزی حکومت چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایک دو دن یا ہفتہ بھر تک ٹرین کینسل کرنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن مہینوں تک کوئلہ ٹرانسپورٹیشن کے نام پر سینکڑوں ٹرینوں کو روکنا مناسب نہیں ہے۔

بھوپیش بگھیل نے اپنے خطاب کے دوران اتر پردیش پولیس کے طریقہ کار پر بھی حملہ کیا اور زی نیوز چینل کے اینکر روہت رنجن کی گرفتاری کے لیے غازی آباد گئی چھتیس گڑھ پولیس کے ساتھ ہوئے برتاؤ کو افسوسناک بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس عدالت کا حکم لے کر گئی تھی، لیکن یوپی پولیس نے انھیں بچانے کا کام کیا ہے۔ بی جے پی کبھی عدلیہ کے فیصلے پر عمل نہیں کرتی۔ پہلے وہ سماج کے مختلف طبقات میں نفرت کے بیج بوتے ہیں اور پھر ’سنیہہ یاترا‘ کی بات کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔