ممبئی شہر میں بے وقت کی موسلادھار بارش سے شہری حیرت زدہ
اومیکرون وبا کے خطرہ کے دوران بے موسم بارش سے شہری انتظامیہ بھی فکر مند، شہریان تشویش میں مبتلا، محکمۂ موسمیات نے ریاست مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں آرینج الرٹ جاری کیا۔
ممبئی: ممبئی میں دسمبر کی آمد کے ساتھ ہی بے وقت بارش کے سبب ایک مرتبہ پھر موسم خوشگوار ہو گیا ہے لیکن ماہ دسمبر میں بارش نے سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ ممبئی میں حیرت انگیز بارش کی وجہ سے ممبئی والوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ممبئی کے ورلی کی اہم سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے۔
کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کی خبریں اور سردی میں اضافے اہلیانِ ممبئی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ بارش کے سبب ممبئی شہر کی معمولات زندگی بھی متاثر ہو کر رہ گئی، ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینیں بارش اور دھند ہونے کی وجہ سے تاخیر سے چلائی گئیں، جبکہ ممبئی کے سینٹرل لائن پر لوکل ٹرینیں نصف گھنٹہ سے لے کر پندرہ منٹ کی تاخیر سے چلائی گئیں اس کے ساتھ ہی مغربی ریلوے میں بھی ٹرینوں کی آمدورفت میں خلل پیدا ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
بحرہ عرب و ہند کے سمندر میں کم دباؤ کے سبب بارش کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے بحرہ عرب کے لکش دیپ، مالدیپ میں کم دباؤ کی صورتحال کے بعد یکم دسمبر اور اس کے دوسرے روز بھی بارش کا اندیشہ ہے اس لئے محکمہ موسمیات نے ناسک پالگھر ناندوربار اور دھولیہ میں اورینج الرٹ بھی جاری کیا ہے، یہ سلسلہ آئندہ دو دونوں تک متواتر جاری رہنے کا امکان ہے۔
ممبئی کے شہریوں کو آج کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، ممبئی سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں بھی بارش جاری ہے۔ ممبئی کے مختلف اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کے سبب بھیڑ جمع ہو گئی، جس کے سبب مسافروں کو تاخیر سے دفتر جانا پڑا، ممبئی میں صبح سے ہی بارش نے دستک دی اور موسم کو سرد بنایا، محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر میں بارش سے مزید شدید ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے امکان ہیں۔
موسم کی تبدیلی سے موسمی بیماری سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا، اومیکرون کے خطرہ کے دوران بارش نے انتظامیہ کی تشویش اور فکرمندی میں مزید اضافہ کر دیا ہے، بی ایم سی کمشنر نے دعوی کیا ہے کہ بی ایم سی اومیکرون کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور اس کے لئے اضافی انتظامات اور اسپتالوں و وارڈوں کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔ کووڈ کے ساتھ اومیکرون پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے اور اس سے لڑنے کے لئے بی ایم سی مستعد ہے، ممبئی میں موسم کی تبدیلی نے بھی شہریوں کو فکر مند کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔