اڈیشہ:وزیر اعلی ماجھی نے داخلہ اور خزانہ سمیت کئی اہم محکمے اپنے پاس رکھے

نائب وزیر اعلیٰ کے وی سنگھ دیو کے علاوہ، نئی وزارتی کونسل میں کسی کو  بھی وزارتی تجربہ نہیں ہے۔ اسی طرح 16 رکنی ٹیم میں سے 9 وزراء پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے ہفتہ کو اپنی وزراء کونسل کو قلمدان تقسیم  کر دیئے۔ وزیراعلیٰ نے داخلہ، خزانہ  اور کئی دیگر اہم محکموں کو اپنے پاس رکھا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے پاس دیگر محکموں میں جنرل ایڈمنسٹریشن اور عوامی شکایات، اطلاعات اور تعلقات عامہ، آبی وسائل، منصوبہ بندی اور کنورجنسی شامل ہیں۔

نائب وزیر اعلی کے وی سنگھ دیو کو زراعت اور کسانوں کو بااختیار بنانے اور توانائی کے محکمے کا چارج دیا گیا ہے۔ دوسری نائب وزیر اعلیٰ پراوتی پریڈا کو خواتین اور بچوں کی ترقی، مشن شکتی اور سیاحت کے محکمے سونپے گئے ہیں۔ وہ پہلی بار ایم ایل اے بنی ہیں اور اڈیشہ کے وزراء کی 16 رکنی کونسل میں واحد خاتون رکن ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر سریش پجاری کو ریونیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا محکمہ دیا گیا ہے، جبکہ کسان لیڈر اور چار بار کے ایم ایل اے رابی نارائن نائک کو دیہی ترقی، پنچایتی راج اور پینے کے پانی کا محکمہ دیا گیا ہے۔


نتیا نند گونڈ کو اسکول اور ماس ایجوکیشن، ایس ٹی اور ایس سی ڈیولپمنٹ، اقلیتی اور پسماندہ طبقے کی بہبود، سماجی تحفظ اور معذور افراد کو بااختیار بنانے کے قلمدان ملے ہیں۔ وہ دو بار کے ایم ایل اے اور ریاست میں بی جے پی کے بڑے قبائلی لیڈر ہیں۔ سینئر لیڈر پرتھوی راج ہری چندن کو تین اہم محکموں  یعنی قانون، پبلک ورکس اور ایکسائز کی ذمہ داری ملی ہے۔ وہ پہلی بار ریاستی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے مکیش مہلنگ کو اہم پارلیمانی امور کا محکمہ الاٹ کیا ہے۔ ان کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے اور وہ پچھلی اوڈیشہ اسمبلی میں بی جے پی کی آواز تھے۔ مہلنگا کو صحت اور خاندانی بہبود اور الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے قلمدان بھی ملے ہیں۔ اسٹیل اور مائنز ڈپارٹمنٹ، جو اڈیشہ کے سرکاری خزانے میں اہم حصہ ڈالتا ہے، پہلی بار بنے ایم ایل اے وبھوتی بھوشن جینا کے پاس گیا ہے۔ وہ تجارت اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو بھی سنبھالیں گے۔


کرشن چندر مہا پاترا، جن کے پاس آیورویدک میڈیسن اور سرجری میں بیچلر کی ڈگری ہے، عوامی اداروں کے ساتھ ہاؤسنگ اور شہری ترقی کا قلمدان سنبھالیں گے۔ آزادانہ چارج کے ساتھ وزیر مملکت کے طور پر حلف لینے والے پانچ وزراء کو بھی اہم قلمدان مل گئے ہیں۔ گنیش رام سنگھ کھنٹیا محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے ساتھ ساتھ لیبر اینڈ ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کے سربراہ ہوں گے – یہ اڈیشہ جیسی ریاست کے لیے ایک اہم محکمہ ہے، کیونکہ ریاست کو بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے مسائل کا سامنا ہے۔

وزراء کی کونسل میں سب سے کم عمر وزیر سوریہ بنشی سورج کو اڑیہ زبان، ادب اور ثقافت کے ساتھ اعلیٰ تعلیم، کھیل اور نوجوانوں کے امور جیسے قلمدان دیے گئے ہیں۔ پردیپ بالسانت کو ہینڈلوم، ٹیکسٹائل اور دستکاری کے ساتھ تعاون کا محکمہ ملا ہے۔ گوکلانند ملک کو مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے ساتھ ماہی پروری اور جانوروں کے وسائل کے محکمے کی ذمہ داری ملی ہے، جب کہ سمپد سوین کو صنعت و ہنر کی ترقی، تکنیکی تعلیم کا محکمہ الاٹ کیا گیا ہے۔


نائب وزیر اعلی کے وی سنگھ دیو کو چھوڑ کر، نئی وزارتی کونسل میں کسی بھی رکن کو وزارتی تجربہ نہیں ہے۔ اسی طرح 16 رکنی ٹیم میں سے 9 وزراء پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی ٹیم میں 21 وزراء کی قابل قبول حد کے مقابلے میں صرف 15 وزراء کو شامل کیا ہے۔ بعض وزراء کو ایک سے زائد محکموں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی ماجھی کچھ عرصہ بعد اپنی کابینہ میں توسیع کریں گے اور نئے شامل ہونے والوں کو اضافی قلمدان الاٹ کریں گے، جس سے وزراء پر بوجھ کم ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔