وزیر اعلیٰ کیجریوال نے پھر کھٹکھٹایا ہائی کورٹ کا دروازہ، سی بی آئی کے ذریعہ گرفتاری کو کیا چیلنج
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سی بی آئی کی طرف سے گرفتاری اور ریمانڈ کو چیلنج پیش کیا ہے، وہ ابھی عدالتی حراست میں ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔ انھیں جیل سے رِہائی ملنے والی تھی، لیکن اس سے عین قبل سی بی آئی نے انھیں گرفتار کر لیا اور پھر عدالت میں پیش کر ان کی امیدواروں پر پانی پھیر دیا۔ آبکاری پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ سے متعلق بدعنوانی معاملے میں ملزم کیجریوال پر سی بی آئی کا شکنجہ کس گیا ہے۔ حالانکہ اب اس معاملے پر وزیر اعلیٰ نے دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔ انھوں نے سی بی آئی کی طرف سے گرفتاری اور ریمانڈ کو چیلنج پیش کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عآپ چیف کیجریوال کی ہفتہ کے روز تین دنوں کی حراست ختم ہو گئی تھی۔ اس کے بعد دہلی کی عدالت نے انھیں 12 جولائی تک عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ عدالت نے کہا تھا کہ ان کا نام آبکاری پالیسی معاملہ میں ’کلیدی ملزمین‘ میں سے ایک کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ سی بی آئی نے کیجریوال کے لیے 14 دنوں کی عدالتی حراست کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے جانچ میں تعاون نہیں کیا اور ٹال مٹول والے جواب دیے۔ ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیجریوال گواہوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کو ای ڈی نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ مئی میں انھیں عام انتخابات کے مدنظر یکم جون تک سپریم کورٹ کے ذریعہ عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ کیجریوال نے 2 جون کو تہاڑ جیل میں خود سپردگی کر دی تھی۔ انھوں نے خود سپردگی سے قبل اپنی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے ایک ہفتہ کے لیے عبوری ضمانت بڑھانے کی اپیل کی تھی، جسے عدالت نے خارج کر دیا تھا۔ تب سے وہ جیل میں ہی ہیں اور رِہائی کی کوششیں جاری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔