چھتیس گڑھ: کوربا کے شاپنگ کمپلیکس میں لگی آگ، اندر پھنسے لوگوں نے کھڑکیوں سے لگائی چھلانگ
ایک دکاندار نے دوڑ کر کچھ گدے عمارت کی کھڑکی کے نیچے بچھا دیے اور آواز دے کر لوگوں سے کودنے کے لیے کہا، اس کے بعد سبھی لوگوں نے انہی گدوں پر کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
چھتیس گڑھ کے کوربا واقع ایک شاپنگ کمپلیکس میں پیر کی دوپہر شدید آگ لگ گئی۔ آگ کپڑے کے شوروم میں لگی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے قریب کی دیگر دکانوں تک پھیل گئی۔ حالات یہاں تک پیدا ہو گئے کہ جتنے بھی لوگ اس کمپلیکس کے اندر تھے، سب پھنس گئے اور باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرنے لگے۔ پھر ایک دکاندار نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہ منزلہ اس عمارت کی کھڑکی کے نیچے گدے بچھا دیے جس پر کود کر اندر پھنسے لوگوں نے اپنی جان بچائی۔
واقعہ کوربا کے ٹی پی نگر علاقہ کا ہے۔ یہاں لگی آگ کی خبر ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم پہنچی جس نے سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کس قدر خطرناک ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی تین منزلہ عمارت میں یہ آگ لگی تھی جس کی تعمیر شاپنگ کمپلیکس کی شکل میں کی گئی ہے۔ اسی عمارت میں واقع ایک کپڑے کے شو روم میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آگ بجلی کی لائن میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔ آگ شو روم میں رکھے کپڑوں تک پہنچنے کے بعد خطرناک ہو گئی اور اس کی لپٹیں شو روم کے باہر تک دکھائی دینے لگیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی تقریباً نصف درجن دکانوں میں یہ آگ پھیل گئی۔
دھوئیں کی وجہ سے عمارت کے اندر پھنسے لوگوں کا دم گھٹنے لگا۔ چاروں طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ غنیمت رہی کہ اسی وقت ایک دکاندار کے دماغ میں خیال آیا اور اس نے دوڑ کر کچھ گدے عمارت کی کھڑکی کے نیچے بچھا دیے اور آواز دے کر لوگوں سے کودنے کے لیے کہا۔ اس کے بعد سبھی لوگوں نے انہی گدوں پر کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی پہنچ گئی اور اسی راستے سے پوری عمارت میں لوگوں کو تلاش کر باہر نکالا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ کے وقت عمارت کے اندر تقریباً 60 لوگ پھنسے ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔