چندریان-3: وکرم لینڈر کی کامیابی کے ساتھ ہوئی ڈی بوسٹنگ، اگلی ڈی بوسٹنگ کے لیے 20 اگست کا انتظار
ڈی بوسٹنگ آپریشن کے بعد وکرم لینڈر چاند سے تقریباً 100 کلومیٹر کی دوری پر آ گیا ہے، 20 اگست کو جب دوسرا ڈی بوسٹنگ آپریشن انجام پائے گا تو چاند سے وکرم لینڈر کی دوری تقریباً 30 کلومیٹر ہو جائے گی۔
اِسرو (انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن) کو ’مشن چاند‘ میں آج اس وقت ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب پروپلشن سے الگ ہو کر چاند کے مدار میں چکر لگا رہے وکرم لینڈر کی کامیابی کے ساتھ ڈی بوسٹنگ ہوئی۔ اب ہندوستان چاند پر پہنچنے کے بالکل قریب ہے۔ لینڈر ماڈیول نے جمعہ کے روز کامیابی کے ساتھ ڈی بوسٹنگ آپریشن انجام دیا جس کی جانکاری اِسرو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر بھی دی۔ اِسرو نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’لینڈر ماڈیول نے کامیابی کے ساتھ ڈی بوسٹنگ آپریشن کیا، جس سے اس کا مدار 113 کلومیٹر x 157 کلومیٹر تک کم ہو گیا۔ اب دوسرا ڈی بوسٹنگ آپریشن 20 اگست 2023 کو تقریباً 2 بجے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔‘‘
اِسرو کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق 23 اگست کو ہونے والی وکرم لینڈر کی سافٹ لینڈنگ سے پہلے لینڈر کی ڈی بوسٹنگ انتہائی اہم مرحلہ ہے۔ کیونکہ یہی ڈی بوسٹنگ وکرم لینڈر کو چاند کے مزید قریب لائے گی۔ جمعرات کو چندریان-3 کا پروپلشن ماڈیول اور لینڈر ماڈیول الگ ہوا تھا جس کے بعد سے ہی وکرم لینڈر تنہا ہی چاند کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ اب جبکہ وکرم لینڈر کا ڈی بوسٹنگ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے، تو دوسرے ڈی بوسٹنگ آپریشن کے لیے 20 اگست کا انتظار ہے۔
اگر آپ ’ڈی بوسٹنگ‘ کو آسان الفاظ میں سمجھنا چاہیں تو یہ کہہ سکتے ہیں کہ اس کا مطلب وکرم لینڈر کی اسپیڈ کم کرنا ہے۔ پروپلشن سے جب وکرم لینڈر الگ ہوا تھا تو وہ چاند سے تقریباً 150 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔ پہلے ڈی بوسٹنگ آپریشن کے وقت لینڈر کے تھرسٹرس آن کیے گئے جس سے لینڈر کو آگے کی طرف دھکا لگا۔ یہی عمل لینڈر کی رفتار کو کم کرنے اور اس کے مدار کو بدلنے میں استعمال ہوتا ہے۔ اب چونکہ لینڈر کے چاند پر اترنے کا وقت قریب ہے، اس لیے اس کی رفتار کم کی جا رہی ہے۔
بہرحال، 18 اگست کو ڈی بوسٹنگ آپریشن کے بعد وکرم لینڈر چاند سے تقریباً 100 کلومیٹر کی دوری پر آ گیا ہے۔ 20 اگست کو جب دوسرا ڈی بوسٹنگ آپریشن انجام پائے گا تو چاند سے وکرم لینڈر کی دوری تقریباً 30 کلومیٹر ہو جائے گی۔ بعد ازاں لینڈر کو لینڈنگ کی پوزیشن میں لایا جائے گا اور پھر سافٹ لینڈنگ کا عمل شروع ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔