مرکز کی مودی حکومت اقلیتی طبقہ کے ساتھ دوہری پالیسی اختیار کر رہی ہے: عمران پرتاپ گڑھی

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر اور جمہوری ملک ہے جبکہ مرکز کی مودی حکومت اقلیتی طبقہ کے ساتھ دوہری پالیسی اختیار کر رہی ہے۔

عمران پرتاپ گڑھی / فیس بک
عمران پرتاپ گڑھی / فیس بک
user

قومی آواز بیورو

جے پور: آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی کے دو روزہ راجستھان دورہ کا آج دوسرا اور آخری دن تھا۔ دورے کے پہلے دن کی طرح دوسرے دن بھی عمران پرتاپ گڑھی کا متعدد مقامات پر پارٹی کارکنان اور لیڈران کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور انہوں نے کئی کئی تقاریب سے خطاب کیا۔

عمران پرتاپ گڑھی نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کو کوئی چیلنج دے سکتا ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر اور جمہوری ملک ہے جبکہ مرکز کی مودی حکومت اقلیتی طبقہ کے ساتھ دوہری پالیسی اختیار کر رہی ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ مودی حکومت کے قول اور فعل میں تضاد ہے۔


کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی نے اس دوران پیگاسس پراجیکٹ رپورٹ کے حوالہ سے بھی مرکزی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ اگر جاسوسی نہیں ہوئی تو مرکزی حکومت تفتیش سے پیچھے کیوں ہٹ رہی ہے۔ جب مرکزی حکومت نے کچھ کیا ہی نہیں تو سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ ہونی چاہئے لیکن مرکزی حکومت اس سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ راجستھان میں ریاستی اور ضلع کے اقلیتی شعبہ کی مجلس عاملہ سبھی کی مشاورت سے جلد تشکیل دی جائے گی، تاکہ راجستھان حکومت کی فلاحی اسکیموں کا اقلیتی طبقہ سے وابستہ آخری سرے پر موجود افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں۔


قبل ازیں، اپنے دورے کے پہلے دن عمران پرتاپ گڑھی دوپہر کے وقت جے پور ایئر پورٹ پر پہنچے، جہاں پر راجستھان اقلیتی شعبہ کے چیئر مین عابد کاغذی نے اپنے ہزاروں کارکنان کے ساتھ انتہائی گرم جوشی کے ساتھ راجستھان کے روایتی طریقے سے ان کا استقبال کیا۔ اُس کے بعد عمران پرتاپ گڑھی اجمیر کے لئے راوانہ ہو گئے۔ اجمیر پہنچتے ہی سب سے پہلے آپ نے درگاہ اجمیر شریف حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار کی زیارت کی اور ملک میں مسلمانوں کے خلاف پھیلی اس نفرت کو ختم کرنے اور کورونا جیسی وبا سے پورے عالم کو نجات دلانے کے لئے خصوصی طور پر دعائیں کیں۔

واضح ہو کہ گزشتہ مہینے عمران پرتاپ گڑھی کو کانگریس اقلیتی شعبہ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جس کے بعد وہ کانگریس پارٹی کو مضبوطی دینے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ اسی ضمن میں انہوں نے راجستھان کا دورہ کیا ہے اور آگے وہ دیگر صوبوں کا بھی دورہ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔