پدم ایوارڈ پر مرکز کو جھٹکا! بنگال کے تین قدآوروں کا اعزاز قبول کرنے سے انکار

بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کے سخت مخالف رہے سابق وزیر اعلیٰ بدھ دیب بھٹاچاریہ اس اعزاز کو قبول کرنے سے منع کرنے والے سب سے پہلے شخص تھے

تصویر بشکریہ دی کوئنٹ
تصویر بشکریہ دی کوئنٹ
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی اعزازی فہرست میں شامل بنگال کی تین شخصیات نے پدم ایوارڈ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ بی جے پی حکومت کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے، کیونکہ مغربی بنگال میں پارٹی کو گزشتہ سال انتخابی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت مخالف سابق وزیر اعلیٰ بدھ دیب بھٹاچاریہ وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے منگل کے روز یہ اعزاز قبول کرنے سے انکار کیا۔ اس کے بعد ریاست کے دو نامور فنکار طبلہ بجانے والے پنڈت انیندھیا چٹرجی اور نامور گلوکارہ سندھیا مکھوپادھیائے نے بھی پدم ایوارڈ ٹھکرا دیا ہے۔

آٹھ دہائیوں پر محیط گلوکاری کا کیریئر رکھنے والی 90 سالہ سندھیا مکھوپادھیائے نے چوتھے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم شری کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے قد کے کسی فرد کے لیے موزوں نہیں ہے بلکہ ایک جونیئر فنکار کے لیے درست ہے۔ مکھوپادھیائے کی بیٹی سومی سین گپتا نے کہا کہ جب دہلی سے ایوارڈ کے لیے کال آئی تو ان کی والدہ نے سینئر افسر کو بتایا کہ اس عمر میں ایوارڈ پیش کیے جانے پر وہ اپنی توہین محسوس کر رہی ہیں۔


سین گپتا نے کہا، "کوئی جونیئر آرٹسٹ پدم شری کا زیادہ مستحق ہے نہ کہ 'گیتاسری' سندھیا مکھوپادھیائے۔ ایسا ان کے خاندان اور ان کے گانوں کے چاہنے والوں کو محسوس ہوتا ہے۔" بنگال کی بہترین گلوکاروں میں سے ایک سندھیا مکھوپادھیائے کو 2011 میں مغربی بنگال کا سب سے بڑا شہری ایوارڈ ’بنگ وبھوشن‘ اور 1970 میں بہترین خاتون پلے بیک سنگر کا نیشنل فلم ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔

پنڈت روی شنکر، استاد امجد علی خان اور استاد علی اکبر خان جیسے ماسٹرز کے ساتھ کام کر چکے پنڈت انیندھیا چٹرجی نے بھی کہا کہ جب انہیں دہلی سے ایوارڈ کے لیے فون آیا تو انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ سال 2002 میں سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ حاصل کرنے والے مشہور طبلہ ساز چٹرجی نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا، "میں نے شائستگی سے انکار کر دیا۔ میں نے کہا کہ آپ کا شکریہ لیکن میں اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر پدم شری حاصل کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔ میں نے اس مرحلہ کو پار کر لیا ہے۔"


اس سے قبل بدھ دیب بھٹاچاریہ، جنہیں تیسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا جانا تھا، نے فوری طور پر ایک بیان جاری کر کے اس اعزاز کو لینے سے انکار کر دیا۔ بنگالی میں جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ "میں پدم بھوشن کے بارے میں کچھ نہیں جانتا۔ کسی نے مجھے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ اگر حقیقت میں انہوں نے مجھے پدم بھوشن دیا ہے تو میں اسے مسترد کرتا ہوں۔"

خیال رہے کہ پروٹوکول کے تحت ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو اعزاز کے تعلق سے پیشگی اطلاع دی جاتی ہے اور اعزاز قبول کرنے کے بعد ہی فہرست کا اعلان کیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔