جموں: سی آئی ایس ایف کی بس پر ہوئے ملی ٹنٹ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج، صاف سنائی دے رہیں گولیوں کی آوازیں
صبح تقریباً 4.15 بجےملی ٹنٹوں نے ایک بس پر حملہ کر دیا جو 15 سی آئی ایس ایف اہلکاروں کو لے کر جا رہی تھی۔ اس حملے میں سی آئی ایس ایف کے ایک اے ایس آئی کی جان چلی گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔
جموں کے سنجوان علاقے میں کل سی آئی ایس ایف اہلکاروں کو لے جانے والی بس پر ملی ٹنٹ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سی آئی ایس ایف کی گاڑی قریب آ رہی ہے۔ اسی دوران ملی ٹنٹوں نے گاڑی پر حملہ کر دیا۔ سی آئی ایس ایف کی گاڑی کے قریب چاروں طرف دھواں نظر آرہا ہے۔ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ یہ سی سی ٹی وی فوٹیج جمعہ کی صبح کی ہے۔
یہ ملی ٹنٹ حملہ جموں میں چڈھا کیمپ کے قریب ہوا ہے۔ صبح تقریباً 4.15 بجے ملی ٹنٹوں نے ایک بس پر حملہ کر دیا، جو صبح کی شفٹ کے لئے ڈیوٹی پر 15 سی آئی ایس ایف اہلکاروں کو لے کر جا رہی تھی۔ اس حملے میں سی آئی ایس ایف کے ایک اے ایس آئی کی جان چلی گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ سی آئی ایس ایف نے جوابی کارروائی کی اور ملی ٹنٹوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
اس حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا اور دو ملی ٹنٹوں کو ہلاک کر دیا۔ جموں میں اے ڈی جی پی مکیش سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم کے پروگرام کے لیے تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، کل ہمیں اطلاع ملی کہ سنجوان کے علاقے میں کچھ ملی ٹنٹ چھپے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد ہم نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، صبح ملی ٹنٹوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ہم نے انہیں روکا جس پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس کے دوران ہمارے 5 جوان زخمی ہوگئے۔ ہماری طرف سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس میں دونوں ملی ٹنٹ مارے گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔