سی بی ایس ای دسویں اور بارہویں کا ریزلٹ آیا سامنے، کیندریہ وِدیالیہ اور جواہر نوودے ودیالیہ کا جلوہ

دسویں بورڈ کا ریزلٹ 93.60 فیصد رہا جبکہ بارہویں بورڈ کا ریزلٹ 87.98 فیصد رہا، خاص بات یہ ہے کہ دسویں اور بارہویں دونوں کے ہی ریزلٹ میں تریویندرم ریجن کی کارکردگی سب سے بہترین رہی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

سی بی ایس ای بورڈ نے طے کردہ تاریخ سے قبل ہی دسویں اور بارہویں کا نتیجہ جاری کر دیا ہے۔ 13 مئی (پیر) کو بورڈ نے دونوں امتحانات کے ریزلٹ کا اعلان کر دیا۔ دسویں میں 93.60 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ بارہویں میں 87.98 فیصد طلبا و طالبات کامیاب ہوئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ پاس فیصد کے معاملے میں دسویں اور بارہویں دونوں ہی درجہ میں تریویندرم ریجن کا ریزلٹ سب سے بہتر رہا۔ اس کے علاوہ جواہر نوودے ودیالیہ (جے این وی) اور کیندریہ ودیالیہ (کے وی) کے طلبا نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سی بی ایس ای دسویں بورڈ امتحان کی بات کی جائے تو جے این وی اور کے وی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ہی اسکولوں کے 99.09 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ انڈیپنڈنٹ (آزاد) طلبا کی کامیابی کا فیصد 94.54 رہا، جبکہ سی ٹی ایس اے کے 94.40 فیصد، سرکاری اسکولوں کے 86.72 فیصد اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے 83.95 فیصد طلبا و طالبات کو کامیابی ملی۔


سی بی ایس ای بارہویں بورڈ کے ریزلٹ پر نظر ڈالی جائے تو سی ٹی ایس اے کے سب سے زیادہ 99.23 فیصد طلبا و طالبات کو کامیابی ملی ہے۔ جے این وی اسکول کے 99.09 فیصد اور کے وی اسکول کے 98.81 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کی ہے۔ دیگر کی بات کی جائے تو سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے 91.4 فیصد، سرکاری اسکولوں کے 88.23 فیصد اور انڈیپنڈنٹ امتحان دینے والے 87.70 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سی بی ایس ای دسویں میں تریویندرم ریجن کا ریزلٹ سب سے بہترین رہا جہاں کی کامیابی کا فیصد 99.75 رہا۔ اس کے بعد وجئے واڑہ ریجن کا ریزلٹ 99.60 فیصد، چنئی ریجن کا ریزلٹ 99.30 فیصد، بنگلورو ریجن کا ریزلٹ 99.26 فیصد اور اجمیر ریجن کا ریزلٹ 97.10 فیصد درج کیا گیا۔ سی بی ایس ای بارہویں کے ریزلٹ میں بھی تریویندرم ریجن نے بازی مار لی ہے۔ اس ریجن کے 99.91 فیصد طلبا و طالبات کامیاب رہے، جبکہ دوسرے و تیسرے مقام پر بالترتیب وجئے واڑہ (99.04 فیصد) اور چنئی (98.47 فیصد) ریجن رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔