مویشی اسمگلنگ کیس: 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیجے گئے انوبرت منڈل

انوبرت منڈل گزشتہ 14 دنوں میں سی بی آئی کی حراست میں تھے اور آج انھیں کولکاتا واقع سی بی آئی ہیڈکوارٹر سے آسنسول لایا گیا تھا جہاں ان کی پیشی ہوئی۔

انوبرت منڈل، تصویر آئی اے این ایس
انوبرت منڈل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مویشی اسمگلنگ کے ایک معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے ترنمول کانگریس لیڈر انوبرت منڈل کو 14 دنوں کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ اس معاملے میں ان کی سی بی آئی کی حراست آج ختم ہو رہی تھی۔ انوبرت منڈل گزشتہ 14 دنوں میں سی بی آئی کی حراست میں تھے اور آج انھیں کولکاتا واقع سی بی آئی ہیڈکوارٹر سے آسنسول لایا گیا تھا جہاں ان کی پیشی ہوئی۔

قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے مغربی بنگال میں پیر کے روز بیربھوم ضلع کے بولپور واقع ایک چاول مل پر چھاپہ ماری بھی کی تھی۔ یہ چاول مل مبینہ طور پر ٹی ایم سی لیڈر انوبرت منڈل کے قریبی رشتہ دار کا بتایا جا رہا ہے۔ افسران کے مطابق انڈین فوڈ کارپوریشن کے افسران کے ساتھ سی بی آئی کے افسران نے بدھاگورا علاقے میں چاول مل پر چھاپہ ماری کی جو مبینہ طور پر انوبرت کے بھتیجے کی ہے۔ وہ ٹی ایم سی کے مقامی لیڈر بھی ہیں۔


سی بی آئی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ چاول مل اب بند ہے، لیکن ہمارا ماننا ہے کہ جانچ کے عمل کے دوران اس کے اور مویشی اسمگلنگ کے درمیان روابط سامنے آ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انوبرت منڈل کی مبینہ ملکیت والی کم از کم 11-10 چاول ملیں ہیں جو سی بی آئی جانچ کے دائرے میں ہیں۔ سی بی آئی نے مبینہ طور پر مویشی اسمگلنگ گھوٹالہ کے سلسلے میں ہفتہ کے روز یہاں ایک دیگر چاول مل میں بھی چھاپہ ماری کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔