سب سے بڑے بینکنگ فراڈ معاملے میں دو بھائیوں کے خلاف کیس درج

ڈی ایچ ایف ایل معاملہ سی بی آئی کے پاس رجسٹرڈ اب تک کا سب سے بڑا (34615 کروڑ روپے کا) بینکنگ فراڈ ہے، سی بی آئی نے حال ہی میں پتہ لگایا کہ فراڈ میں اے بی جی شپیارڈ کو 22842 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

سی بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
سی بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

سی بی آئی نے اب تک کے سب سے بڑے بینکنگ فراڈ معاملے میں دو بھائیوں کے خلاف کیس رجسٹر کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ 34615 کروڑ روپے کے فراڈ کا معاملہ ہے اور اس سلسلے میں تفتیش کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ آج تک پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اس بینکنگ فراڈ معاملے میں ڈی ایچ ایف ایل کے پروموٹرس کپل ودھاون اور دھیرج ودھاون کے خلاف نیا کیس رجسٹر کیا گیا ہے۔ ان دونوں بھائیوں پر کسی ایک بینک کو بے وقوف بنانے کا الزام نہیں ہے بلکہ 34615 کروڑ روپے کا فراڈ بینکوں کے ایک گروپ کے ساتھ کیا گیا تھا۔ بینکوں کے اس گروپ کی قیادت یونین بینک آف انڈیا کر رہا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ ڈی ایچ ایف ایل کا یہ معاملہ سی بی آئی کے پاس رجسٹرڈ اب تک کا سب سے بڑا بینکنگ فراڈ ہے۔ سی بی آئی نے حال ہی میں پتہ لگایا کہ فراڈ میں اے بی جی شپیارڈ کو 22842 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ افسران نے بتایا کہ سی بی آئی اس معاملے میں ملزمین سے جڑے احاطوں کی تلاشی لے رہی ہے جو کہ ممبئی میں 12 مقامات پر واقع ہیں۔ ایجنسی نے دیوان ہاؤسنگ فائنانس کارپوریشن لمیٹڈ (ڈی ایچ ایف ایل)، اس وقت کے سی ایم ڈی کپل ودھاون، ڈائریکٹر دھیرج ودھاون اور 6 ریلٹی کمپنیوں کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے کا کیس درج کیا ہے۔ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے مل کر یونین بینک آف انڈیا سمیت دیگر بینکوں کے ساتھ دھوکہ کرنے کے لیے سازش کی۔


دراصل یونین بینک آف انڈیا نے اس کی قیادت والے بینکوں کے گروپ کو 40623.36 کروڑ روپے کا چونا لگانے کے لیے ڈی ایچ ایف ایل کے پرانے مینجمنٹ اور پروموٹرس کے خلاف سی بی آئی سے جانچ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ 40623.36 کروڑ روپے کا ہندسہ 30 جولائی 2020 کی بنیاد پر تھا۔ بینک نے اپنی شکایت میں آڈٹ فرم کے پی ایم جی کی جانچ کے نتائج کا بھی ذکر کیا تھا۔ آڈٹ فرم نے اخذ کیا تھا کہ اس معاملے میں قوانین و ضوابط کو طاق پر رکھا گیا، اکاؤنٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی اور غلط اعداد و شمار سامنے رکھے گئے۔

واضح رہے کہ ڈی ایچ ایف ایل کے پروموٹرس کپل ودھاون اور دھیرج ودھاون پہلے سے ہی جیل میں ہیں۔ دونوں کو یَس بینک کے ساتھ فراڈ کے معاملے میں سی بی آئی اور ای ڈی کے کیس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں کے اوپر الزام ہے کہ انھوں نے یَس بینک کے کو-فاؤنڈر رانا کپور کے ساتھ مل کر یَس بینک کے ساتھ فراڈ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔