ایکناتھ شندے کا ساتھ چھوڑ ناگپور پہنچے رکن اسمبلی نتن دیشمکھ، اغوا کا لگایا الزام

ایکناتھ شندے کے چنگل سے نکل کر ناگپور پہنچے نتن دیشمکھ کے بیان نے شیوسینا کے اس دعوے پر مہر لگا دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شیوسینا لیڈران کو جبراً سورت کے ہوٹل میں اغوا کر کے رکھا گیا ہے۔

نتن دیشمکھ
نتن دیشمکھ
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں اس وقت سیاسی ہلچل اپنے عروج پر ہے۔ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گی، کسی کو اندازہ نہیں ہے۔ ایک طرف ایکناتھ شندے دعویٰ کر رہے ہیں کہ 40 اراکین اسمبلی ان کے ساتھ ہیں، اور دوسری طرف شیوسینا کے کئی لیڈران کا کہنا ہے کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس درمیان ایکناتھ شندے کے خیمہ میں شامل اکولا سے رکن اسمبلی نتن دیشمکھ ناگپور پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے ناگپور ایئرپورٹ پہنچ کر اپنے ساتھ اب تک ہوئے واقعہ کا تذکرہ کیا اور الزام عائد کیا کہ انھیں سورت میں اغوا کر کے رکھا گیا تھا۔ نتن دیشمکھ جو کہ ایکناتھ شندے کے ساتھ سورت میں موجود تھے، انھوں نے کہا کہ وہ ادھو ٹھاکرے اور بالا صاحب ٹھاکرے کے شیوسینک ہیں اور ان کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتے۔

ایکناتھ شندے کے چنگل سے نکل کر ناگپور پہنچے نتن دیشمکھ کے بیان نے شیوسینا کے اس دعوے پر مہر لگا دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شیوسینا لیڈران کو جبراً سورت کے ہوٹل میں اغوا کر کے رکھا گیا ہے۔ شیوسینا رکن اسمبلی نتن دیشمکھ کا کہنا ہے کہ ’’150-100 پولیس اہلکار مجھے اسپتال لے گئے اور اس بات کا ڈرامہ کیا گیا کہ مجھ پر حملہ ہوا ہے۔ وہ میرا آپریشن کرنا چاہتے تھے، تاکہ مجھے نقصان پہنچایا جا سکے۔ اوپر والے کے کرم سے میں ٹھیک ہوں۔ میں ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ہوں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ شیوسینا نے اس سے پہلے بھی گجرات پولیس پر رکن اسمبلی نتن دیشمکھ کو سورت کے ہوٹل میں پیٹے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔ سورت کے مقامی شیوسینا لیڈر پریش کھیر نے کہا تھا کہ نتن دیشمکھ ہوٹل سے نکل کر ایک چوراہے پر آئے، جہاں انھوں نے ہم لوگوں سے ممبئی جانے کے لیے مدد مانگی تھی۔ تبھی وہاں پولیس پہنچ گئی اور انھیں پکڑ کر واپس ہوٹل لے گئی۔ جب نتن دیشمکھ نے اس کی مخالفت کی تو پولیس نے انھیں پیٹا۔

اس پورے واقعہ کو لے کر شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی نے ان کے 9 اراکین اسمبلی کا اغوا کر لیا ہے۔ ان کے اراکین اسمبلی واپس ممبئی آنا چاہتے ہیں، لیکن انھیں واپس نہیں آنے دیا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نتن دیشمکھ کی بیوی نے منگل کو اکولا پولیس اسٹیشن میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔