دہلی-وڈودرا اکسپریس وے پر کار ہوا میں اچھلنے لگی، انجینئر برخاست، ٹھیکہ دار پر 50 لاکھ کا جرمانہ

راجستھان کے الور-دوسا علاقے میں اکسپریس وے کی سڑک اونچی نیچی رہنے، گڈھے، باریک گٹی اور پانی جمع ہونے سے حادثے کا خطرہ ہمیشہ برقرار رہتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ملک بھر میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت میں انجینئروں اور ٹھیکہ داروں کے ذریعہ لاپروائی برتے جانے کے معاملے اکثر ہماری نظروں سے گزرتے رہتے ہیں۔ کچھ اسی طرح کی لاپروائی کا نظارہ الور میں اس وقت دیکھنے کو ملا جب دہلی-وڈودرا اکسپریس وے پر سڑک میں خامیوں کی وجہ سے کار سڑک پر اچھلنے لگی۔ یہ منظر کیمرے میں قید ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی وزارت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے انجینئر کو برخاست کر دیا اور ٹھیکہ دار پر 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ۔ اس معاملے میں این ایچ اے آئی نے جانکاری دی کہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کی ہدایت کے مطابق جانچ کرکے ذمہ دار افسروں اور ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔


این ایچ اے آئی نے کہا کہ وقت رہتے خامیوں کو دور نہیں کرنے کے معاملے میں ٹھیکہ دار پر جرمانہ لگایا گیا ہے جبکہ تعمیری کام کی دیکھ بھال نہیں کرنے اور اپنے کام میں لاپروائی برتنے پر اتھاریٹی انجینئر کے ٹیم لیڈر کم ریجیڈنٹ انجینئر کو برخاست کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ سائٹ انجینئر کو بھی ٹرمینیٹ کر دیا گیا۔ ساتھ ہی پی ڈی اور منیجر (ٹیک) کو خامیوں کے لیے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

قابل ذکر رہے کہ الور میں دہلی-وڈودرا اکسپریس وے کو سپر اکسپریس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس پر گاڑیاں 120 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی ہیں۔ اکسپریس وے پر راجستھان کے الور و دوسا علاقے میں سب سے زیادہ سڑک حادثے ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ سڑک کا اونچا نیچا ہونا، خراب بیلنس اور گڈھے ہیں۔ اکسپریس وے پر جگہ جگہ باریک گٹی بھی پھیلی ہے اور کئی جگہ پر پانی جمع ہے، سڑک بھی دھنس گئی ہے۔ ان وجوہات سے یہاں پر سڑک حادثہ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔


کچھ وقت پہلے اکسپریس وے پر بڑھتے حادثات کی تعداد کو دیکھتے ہوئے آئی آئی ٹی کے ذریعہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا گیا تھا۔ دوسری طرف این ایچ اے آئی نے بھی گاڑیوں کی رفتار کو روکنے کے لیے آن لائن چالان سسٹم شروع کر دیا۔ اکسپریس وے پر 280 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی دوڑ رہی ہے جبکہ یہاں زیادہ سے زیادہ لمٹ 120 کیلومیٹر فی گھنٹے کا ہے۔ الور میں جو واقعہ پیش آیا اس میں تیز رفتار گاڑی اچانک روڈ کی بیلسنگ خراب ہونے کے سبب پیچھے سے ہوا میں اچھل گئی اور کچھ دیر تک ہوا میں اچھلتی رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔