کیپٹن امریندر کے بے تُکے بیانات سے لگتا ہے ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں: بیر دیویندر سنگھ
بیر دیویندر سنگھ نے کہا کہ کیپٹن امریندر کو اس پاکستانی رابطہ کا نام عام کرنا چاہیے جس نے نوجوت سدھو کو کابینہ میں دوبارہ شامل کرنے کے لیے لابنگ کی تھی۔
چنڈی گڑھ: پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر بیر دیویندر سنگھ نے آج الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کے ’بے تُکے‘ بیانات سے لگ رہا ہے کہ وہ اپنا توازن کھو چکے ہیں۔ بیر دیویندر نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ کیپٹن نے کچھ دن پہلے ایک بیان دیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے طور پر انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ان اراکین اسمبلی اور وزراء کی فہرست دی تھی جو ریت کی غیر قانونی کانکنی میں ملوث تھے، لیکن انہوں نے خود اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جو کہ وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے ان کی آئینی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی کیپٹن اپنا نام کیوں عام نہیں کر رہے ہیں؟
اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کیپٹن کا دوسرا بیان بھی پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نوجوت سنگھ سدھو کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کے لیے آنے والے پیغام کے بارے میں بھی ایک ’سفید جھوٹ‘ ہے۔
دیویندر نے الزام لگایا کہا ایسا لگتا ہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ کی یادداشت ساتھ نہیں دے رہی ہے کیونکہ وہ 16 مارچ 2017 کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے رہے تھے جس میں پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں کی ایک بڑی تعداد بشمول ان کی دوست عروسہ عالم کے اہل خانہ بھی تھے۔ بیر دیویندر سنگھ نے کہا کہ کیپٹن امریندر کو اس پاکستانی رابطہ کا نام عام کرنا چاہیے جس نے نوجوت سدھو کو کابینہ میں دوبارہ شامل کرنے کے لیے لابنگ کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔