کئی ریاستوں میں بڑھ رہے کورونا کیسز، کابینہ سکریٹری کی میٹنگ میں اظہارِ فکر

بڑھتے کورونا معاملوں کو روکنے کے لیے ریاستوں کو ضروری اقدام اٹھانے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس میں ٹیسٹنگ بڑھانے، زیادہ حساس ریاستوں اور اضلاع میں آر ٹی پی-پی سی آر ٹیسٹ کرائے جانے کی صلاح شامل ہے۔

کورونا وائرس / یو این آئی
کورونا وائرس / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی کئی ریاستوں میں گزشتہ ایک ہفتہ میں کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتی ہوئی فکر کے درمیان آج کابینہ سکریٹری راجیو گابا نے مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے چیف سکریٹریوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ راجیو نے ان ریاستوں میں کی جا رہی نگرانی کو کم نہیں کرنے، انسداد کووڈ والا رویہ نافذ کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کا مشورہ دیا۔

کووڈ مینجمنٹ اور رد عمل پالیسی کے جائزہ اور حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقد میٹنگ مین ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے چیف سکریٹری کے ساتھ ساتھ سینئر طبی پیشہ وروں نے بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں مرکزی صحت سکریٹری، آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل، نیتی آیوگ کے رکن اور وزارت داخلہ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔


قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر، پنجاب، گجرات، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، تلنگانہ اور جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتہ میں سرگرم معاملے بڑھے ہیں۔ علاوہ ازیں چھ ریاستوں مہاراشٹر، کیرالہ، پنجاب، کرناٹک، تمل ناڈو اور گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں نئے معاملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8333 نئے معاملوں کا پتہ چلا ہے۔ ریاست میں نئے معاملوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔

اس دوران کیرالہ میں 3671 اور پنجاب میں 622 نئے معاملوں کا پتہ چلا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں مہاراشٹر نے کورونا کے معاملوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں جہاں 14 فروری کو 34449 ایکٹیو کیسز تھے، وہیں اب یہاں سرگرم معاملوں کی تعداد 68810 تک پہنچ گئی ہے جو کہ فکر انگیز ہے۔


بہر حال، میٹنگ میں مذکورہ ریاستوں میں کووڈ-19 کی موجودہ صورت حال پر ایک تفصیلی جانکاری پیش کی گئی، جس میں نئے معاملوں کی بڑھتی تعداد، مثبت سوچ کی بڑھتی روش اور متعلقہ ٹیسٹنگ روش والے اضلاع پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس کے بعد سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے ساتھ وسیع تجزیہ کیا گیا۔ چیف سکریٹریوں نے ریاستوں کی موجودہ حالات اور کووڈ معاملوں میں حالیہ اضافہ سے نمٹنے کی ان کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی۔

اس کے علاوہ ریاستوں نے زبردست جرمانہ اور چالان کاٹنے کے علاوہ ضلع کلکٹروں کے ساتھ نگرانی اور کنٹرول سرگرمیوں کے تجزیہ کے بارے میں بتایا۔ کابینہ سکریٹری نے دہرایا کہ کورونا پر لگام کسنے کے لیے لگاتار سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔ ریاستوں کو تیزی سے پھیلنے والے انفیکشن کے واقعات کے متعلق بااثر نگرانی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ کابینہ سکریٹری راجیو گابا نے کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کیے جائیں تاکہ گزشتہ سال مشترکہ کوششوں کے سبب ملی کامیابی بے کار نہ ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔