ہماچل پردیش ضمنی انتخاب ریزلٹ: بی جے پی کو جھٹکا، کانگریس نے کیا کلین سوئپ
کانگریس نے منڈی لوک سبھا کے علاوہ اَرکی، فتح پور اور جبل-کوٹکھائی اسمبلی سیٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے، اس کے ساتھ کانگریس نے ضمنی انتخاب میں کلین سوئپ کر دیا ہے۔
ہماچل پردیش میں بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ کانگریس نے کلین سوئپ کیا ہے۔ تین اسمبلی سیٹوں اور ایک لوک سبھا سیٹ پر کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے سبھی سیٹوں پر بی جے پی کی شکست کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’میں اس شکست کی ذمہ داری لیتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران وزیر اعلیٰ خود تشہیر کے لیے میدان میں اترے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی کی ان سیٹوں پر جیت ہوگی۔ لیکن کانگریس نے بی جے پی کو سبھی سیٹوں پر شکست فاش دے دی۔
کانگریس امیدوار پرتبھا سنگھ نے منڈی سیٹ جیتی، جو وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر کے لیے وقار کا سوال بنا ہوا تھا، کیونکہ یہ سیٹ ان کے آبائی ضلع میں آتی ہے۔ پرتبھا سنگھ نے بی جے پی کے بریگیڈیر خوشال ٹھاکر (ریٹائرڈ) کو 8766 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔ قابل ذکر ہے کہ بریگیڈیر خوشال نے 1999 کے کارگل جنگ میں اہم کردار نبھایا تھا۔
کانگریس امیدواروں نے ارکی، جبل-کوٹکھائی اور فتح پور اسمبلی حلقوں میں بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ کانگریس کے مقبول لیڈر اور چھ بار کے وزیر اعلیٰ آنجہانی ویر بھدر سنگھ کی وراثت کو ملک کے سب سے مشکل اور بڑے انتخابی حلقوں میں سے ایک، منڈی کے پارلیمانی ضمنی انتخاب کے دوران بی جے پی حکمرں ریاست کے وزیر اعلیٰ ٹھاکر کی مقبولیت کے خلاف ایک طرح کی ٹیسٹنگ کے لیے رکھا گیا تھا۔
پرتبھا سنگھ، جو اب منڈی سے تیسری مرتبہ رکن پارلیمنٹ بنی ہیں، آنجہانی ویربھدر سنگھ کی بیوی ہیں۔ یہ سیٹ دو بار کے بی جے پی رکن پارلمنٹ رام سوروپ شرما کی موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔ انھوں نے 2019 میں اپنے پہلے انتخاب میں سابق وزیر مواصلات سکھ رام کے پوتے کانگریس امیدوار آشرے شرما کو بڑے فرق سے ہرایا تھا۔
اسمبلی سیٹوں میں جبل-کوٹکھائی سیٹ پر اہم مقابلہ کانگریس امیدوار روہت ٹھاکر اور بی جے پی کے باغی اور آزاد امیدوار چیتن برگٹا کے درمیان تھا۔ چیتن سابق باغبانی وزیر نریندر برگٹا کے بیٹے ہیں، جن کا جون میں کووڈ-19 کے بعد آئی پیچیدگیوں کے سبب انتقال ہو گیا تھا۔ ٹھاکر نے تقریباً 6000 ووٹوں کے فرق سے یہ سیٹ جیتی۔
ارکی اسمبلی سیٹ سے کانگریس امیدوار سنجے اوستھی نے 3277 ووٹوں سے جیت حاصل کی، جب کہ فتح پور میں کانگریس امیدوار بھوانی سنگھ پٹھانیا نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار بلدیو ٹھاکر کو 5652 ووٹوں سے ہرایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔