برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ہوں گے ’26 جنوری‘ کے مہمان
برطانوی وزیر خارجہ ڈومنک راب نے بتایا کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اگلے سال یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہونے کی ہندوستان کی اپیل کو قبول کرلیا ہے۔
نئی دہلی: اگلے سال یوم جمہوریہ کی تقریب میں برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن مہمان خصوصی کے طورپر شام ہوں گے, ہندوستان کے چار روزہ دورے پر آئے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومنک راب نے وزیر خارجہ سبرمنیم جے شنکر کے ساتھ یہاں دوطرفہ میٹنگ میں یہ اطلاع دی۔ میٹنگ میں ہندوستان اور برطانیہ نے کووڈ کے بعد کی دنیا میں اپنی دوطرفہ اسٹراجک شراکت داری کو اور اونچائی پر لے جانے کےلئے پانچ نکاتی ایجنڈا طے کیا اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف تشویش کا اشتراک کیا۔
میٹنگ کے بعد ڈومنک راب نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اگلے سال یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہونے کی ہندوستان کی اپیل کو قبول کرلیا ہے۔ برطانیہ وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کے وزیراعظم بورس جانسن نے وزیراعظم نریندر مودی کو اگلے سال ہونے والے جی -7 کے چوٹی کانفرنس میں برطانیہ آنے کی دعوت دی ہے اور بورس جانسن نے اگلے سال 26 جنوری کو نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی بننے پر اتفاق ظاہر کیا ہے جو ہمارے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔
یوم جمہوریہ کی اہم تقریب میں مہمان خصوصی بورس جانسن کے آنے کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ یوم جمہوریہ پریڈ میں بورس جانسن کا آنا ہمارے دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے دور کی شروعات کا ایک اہم اشارہ ہوگا۔
ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ کووڈ- 19 کی وبا کے دور میں کسی وزیرخارجہ کے اس پہلے دو طرفہ دورے میں آج کی میٹنگ ہندوستان اور برطانیہ کی اسٹراجک شراکت داری کو نئی اونچائی پر لے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ اہم موضوعات- لوگوں کے درمیان رابطہ بڑھانے، کاروبار اور خوشحالی، تحفظ اور حفاظت، ماحولیاتی تبدیلی اور صحت پر توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میٹنگ میں اس کے علاوہ ہم نے افغانستان کے حالات کا جائزہ لیا اور بحرالکاہل خطے کے تعلق اور مغربی ایشیا کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کی وجہ سے پیدا چیلنج پر تشویش کا اظہار کیا۔
ہندوستانی بحرالکاہل خطے کے تصور کو دی جا رہی اہمیت کے بارے میں ایک سوال پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بحرالکاہل خطے کے بارے میں ہندوستان کا ایک مختلف تصور ہے۔ یہ اطمینان کی بات ہے کہ آج اس کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور اس خیال کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
جب راب کے دورے کی اہمیت کے بارے میں پوچھا گیا تو ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ کا یہ دورہ انتہائی اہم وقت پر ہو رہا ہے کیونکہ ہم کووڈ کے بعد کی دنیا میں امکانات کی تلاش میں ہیں، جبکہ وہ بھی برطانیہ کے نقطہ نظر سے۔ بریگزٹ کے بعد کی دنیا میں امکانات کی تلاش میں ہیں۔ لہذا، باہمی بات چیت کے لئے یہ سب سے موزوں وقت ہے۔
راب نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ اپنی معاشی شراکت داری کو وسیع اور گہرا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ہندوستان کے ساتھ ایک مضبوط دفاعی اور سلامتی شراکت قائم کرنا چاہتے ہیں جو مغربی بحر ہند میں بحری ڈاکوؤں سمیت دہشت گردی، سمندری تحفظ کے امور کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔