بلیک فنگس کی دوا دنیا میں جہاں بھی ہو، ہندوستان لے کر آئیں! وزیر اعظم مودی کی افسران کو ہدایت

پی ایم مودی نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ دنیا کے جس کونے میں بھی دوا دستیاب ہو، وہاں سے ہندوستان لے کر آئیں۔ ہدایت کے بعد دنیا بھر میں موجود سفارت خانے اس دوا کو ہندوستان بھیجنے کی کوشش میں لگ گئے ہیں۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کے بعد بلیک فنگس یعنی میوکورمائیکوسس بھی ملک میں وبا کی شکل اختیار کر چکی ہے اور حکومت جنگی پیمانے پر اس سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے علاج کے لئے ڈاکٹر ’لیپوسومل انفوٹیریسین بی‘ نامی انجیکشن پریسکرائب کر رہے ہیں۔ اس دوا کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لئے حکومت ہند نے مزید پانچ کمپنیوں کو اسے تیار کرنے کا لائسنس فراہم کر دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی لگاتار اس سلسلہ میں افسران کے ساتھ میٹنگ کر ہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ دنیا کے جس کونے میں بھی دوا دستیاب ہو، وہاں سے ہندوستان لے کر آئیں۔ ان کی ہدایت کے بعد دنیا بھر میں موجود ہندوستانی سفارت خانے اس دوا کو ہندوستان بھیجنے کی کوشش میں مصروف ہو گئے ہیں۔


بلیک فنگس کی دوا کی دستیابی کے سلسلہ میں امریکہ کی گلیاڈ سائنسز نامی کمپنی سے مدد ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق گلیاڈ سائنسز ایمبی سوم کو فارما کمپنی مائلن کے ذریعے ہندوستان بھیجنے کے کام میں تیزی لا رہی ہے۔ ابھی تک اس کی 121000 وائل یا شیشیاں ہندوستان لائی جا چکی ہیں۔ جلد ہی 85000 مزید وائل بھی پہنچنے والی ہیں۔

گلیاڈ سائنسز نے مائلن کے ذریعے ہندوستان کو ایمبی سوم کی دس لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں دستیاب اس دوا کے اسٹاک کو ہٹایا جا رہا ہے اور اسے ہندوستان بھیجا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔