مودی بینک گھپلہ باز رشی اگروال پر خاموشی توڑیں: کانگریس
گورو بلبھ نے کہا کہ حکومت کو اس گھوٹالے باز کو پکڑ کر ملک کے لوگوں کو انصاف دینا چاہئے اور مودی کو خاموشی توڑ کر ملک کو اصل صورتحال سے آگا کرنا چاہئے۔
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ پبلک سیکٹر کے بینکوں کو 22,842 کروڑ روپے کا دھوکہ دینے والے کاروباری رشی اگروال کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں معلوم، اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس سلسلے میں اپنی خاموشی توڑنی چاہئے اور ملک کو سچ بتانا چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان گورو بلبھ نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ وہی بزنس مین رشی اگروال ہیں جو گجرات وائبرینٹ میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی حکومت کے مہمان خصوصی تھے اور ان کو پی ایم مودی اپنے ساتھ غیر ملکی سفر میں لے جاتے تھے۔
گورو بلبھ نے کہا کہ جب بینک رشی اگروال کے بینک گھوٹالے پر ان کی کمپنی اے بی جی شپ یارڈ سے وصولی کے لیے ڈی آر ٹی یعنی ڈیبٹ ریکوری ٹریبونل کے پاس گیا تو ٹریبونل نے رشی اگروال کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کو بیچ کر بینک کے 1,3975 کروڑ روپے کی وصولی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریبونل نے یہ حکم 27 دسمبر 2018 کو دیا تھا لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ حکومت نے اس معاملے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا اور رشی اگروال کی کمپنی ملک کے بینکوں کا پیسہ لوٹ کر عام لوگوں کو دھوکہ دیتی رہی۔ اس معاملے میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی لیکن اس میں بھی حکومت نے کوئی جلد بازی نہیں دکھائی اور گزشتہ ہفتے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ رشی اگروال کے بارے میں طرح طرح کی خبریں آ رہی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سنگاپور میں ہیں تو کبھی کہا جا رہا ہے کہ وہ جرمنی میں ہیں یا کسی اور ملک میں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اس کے پاس کئی پاسپورٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس گھوٹالے باز کو پکڑ کر ملک کے لوگوں کو انصاف دینا چاہئے اور مودی کو خاموشی توڑ کر ملک کو اصل صورتحال سے آگا کرنا چاہئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔