وکاس دوبے یوپی کا سب سے بڑا بدمعاش قرار، گرفتاری پر انعامی رقم اب 5 لاکھ روپئے

اڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی نے بدھ کو یہاں بتایا کہ چوبے پور کے بکرو گاؤں باشندہ وکاس دوبے کو گرفتار کرنے یا اس کی صحیح اطلاع دینے پر اب پانچ لاکھ روپئے کی رقم بطور انعام دی جائےگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: ترپردیش کے ضلع کانپور میں آٹھ پولیس اہلکار کے قتل کا کلیدی ملزم ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کی گرفتاری پر انعامی رقم ڈھائی لاکھ روپئے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپئے کر دی گئی ہے۔ وکاس دوبے کا سراغ دینے والے کو یہ انعامی رقم فراہم کی جائے گی، اسی کے ساتھ وکاس اتر پردیش کا سب سے خطرناک مجرم بن گیا ہے۔

اڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی نے بدھ کو یہاں بتایا کہ چوبے پور کے بکرو گاؤں باشندہ وکاس دوبے کو گرفتار کرنے یا اس کی صحیح اطلاع دینے پر اب پانچ لاکھ روپئے کی رقم بطور انعام دی جائےگی۔ چھ دنوں کے اندر یہ تیسری بار ہےجب حکومت نے شاطر بدمعاش کی گرفتاری پر انعامی رقم میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے اس پر 25 پھر 50 ہزار اور اس کے بعد ڈھائی لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔

پولیس کی تقریباً 50 ٹیمیں اترپردیش کے علاوہ دیگ ریاستوں میں وکاس کی تلاش میں مشغول ہیں۔ اس کے تین ساتھیوں کو پولیس نے اب تک مڈھ بھیڑ میں ہلاک کر دیا ہے جبکہ دو خواتین سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ کانپور کے ایس ایس پی دنیش کمار پی نے انعام کی رقم کے ضمن میں پوچھے گئےسوال پر کہا کہ انعام کی رقم بڑھانے کا فیصلہ لکھنؤ پولیس دفتر سے ہوتا ہے لیکن شاطر بدمعاش کی گرفتاری اور اس کو انجام تک پہنچانے کے لئے پولیس کسی بھی حد تک جائے گی اور اسے جلد ہی قانون کے شکنجے میں جکڑ لیا جائے گا۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات اور جمعہ کی دیر رات چوبے پور کے بکرو گاؤں می قتل کی کوشش کے معاملے میں وکا س دوبے کو گرفتار کر نے گئی پولیس ٹیم پر بدمعاشوں نے فائرنگ کر دی تھی۔ اس واردات میں ڈی ایس پی بلہور دویندر کمار مشر سمیت 8 پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔