سوشانت کیس کی جانچ کرنے ممبئی پہنچی بہار پولس کے 'سنگھم' کو زبردستی کیا گیا کوارنٹائن
بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت سے متعلق جانچ کرنے کے لیے بہار حکومت کے ذریعہ بھیجے گئے آئی پی ایس افسر ونے تیواری کو بی ایم سی نے زبردستی کوارنٹائن کر دیا ہے۔
بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جڑے معاملے کی جانچ کو آگے بڑھانے اور ممبئی پولس کے ساتھ بہتر تال میل بنانے کے لیے ممبئی بھیجے گئے بہار پولس کے تیز طرار آئی پی ایس افسر ونے تیواری کو ممبئی پہنچتے ہی بی ایم سی نے زبردستی کوارنٹائن کر دیا ہے۔ وہ آج شام ہی ممبئی پہنچے تھے۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ ممبئی پولس کے ساتھ تال میل بنانے کے ساتھ ساتھ جانچ کو بھی آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
کوارنٹائن کرنے کے لیے بی ایم سی نے آئی پی ایس ونے تیواری کے ہاتھ پر مہر لگا دی ہے۔ اس کے بعد صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں ونے تیواری نے کہا کہ وہ اپنی حکومت کے حکم پر سوشانت کیس کی جانچ کرنے ممبئی آئے تھے، لیکن انھیں کوارنٹائن کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے اور وہ اس پر عمل کریں گے۔ حالانکہ ممبئی پولس اور بی ایم سی کے اس رویے پر لوگوں نے سوال اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔
ممبئی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے 2015 بیچ کے آئی پی ایس افسر تیواری سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کا ممبئی آنا بہار اور ممبئی پولس کے درمیان خراب کوآرڈنیشن کا نتیجہ ہے؟ تو انھوں نے کہا کہ ایسا بالکل نہیں ہے، کیونکہ کسی بھی جانچ کا ایک عمل ہوتا ہے اور اسی عمل کے تحت انھیں یہاں بھیجا گیا ہے۔
تیواری کا کہنا ہے کہ "ایسا نہیں ہے کہ کوآرڈنیشن نہیں ہو رہا تھا۔ ایسا قطعی نہیں کہا جا سکتا۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے ہماری ٹیم یہاں کام کر رہی ہے۔ چونکہ جانچ کا کچھ طریقہ ہوتا ہے اور اس کا اگلا اسٹیپ سپرویزن ہوتا ہے۔ اس کے لیے کسی سینئر افسر کو آنا ہوتا ہے اور اسی کے تحت مجھے یہاں بھیجا گیا ہے تاکہ میں اپنی ٹیم کے ساتھ میٹنگ کروں اور جانچ کے عمل کو آگے بڑھا سکوں۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Aug 2020, 2:38 PM