رائے پور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین میں دھماکہ، سی آر پی ایف کے 6 جوان زخمی

ریلوے اور سی آر پی ایف کے افسروں سے ملی جانکاری کے مطابق ایک اسپیشل ٹرین سی آر پی ایف کی 211 بٹالین کے جوانوں کو لے کر جموں جا رہی تھی، صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے اس میں دھماکہ ہوا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین میں آج صبح ہوئے دھماکہ میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے چھ جوان زخمی ہو گئے ہیں۔ ریلوے اور سی آر پی ایف افسران سے ملی جانکاری کے مطابق ایک اسپیشل ٹرین سی آر پی ایف کی 211 بٹالین کے جوانوں کو لے کر جموں جا رہی تھی۔ صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے پلیٹ فارم نمبر 2 پر کھڑی ٹرین کی ایک بوگی میں دھماکہ سے افرا تفری پھیل گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سی آر پی ایف کے جوان ڈیٹونیٹر اور انگائٹر سیٹ ایک بوگی سے دوسری بوگی میں لے جا رہے تھے، اسی دوران اچانک دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ کے اس واقعہ میں چھ جوان زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں چون، وکاس، لکشمن، رمیش لال، رویندر کر، سشیل اور دنیش کمار شامل ہیں۔ ان سبھی کو علاج کے لیے رائے پور کے نارائنا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں حولدار وکاس چوہان کو سب سے زیادہ چوٹیں آئی ہیں۔

رائے پور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین میں دھماکہ، سی آر پی ایف کے 6 جوان زخمی

واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد سی آر پی ایف اور ریلوے کے کئی اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے۔ یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈیٹونیٹر میں دھماکہ کیسے ہوا؟ ریلوے افسران کے مطابق واقعہ کے ایک گھنٹے بعد اسپیشل ٹرین کو جموں روانہ کر دیا گیا ہے۔ رائے پور ریلوے اسٹیشن سے ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معمول کے مطابق ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔