کانگریس نے یو پی اسمبلی انتخاب کے لیے 5 کمیٹیاں تشکیل دی، پی ایل پونیا کو ملی انتخابی مہم کمیٹی کی ذمہ داری

یو پی انتخاب کے لیے پی ایل پونیا کو انتخابی مہم کمیٹی، سلمان خورشید کو منشور کمیٹی، راجیش مشرا کو انتخابی پالیسی و منصوبہ کمیٹی اور نرمل کھتری کو انتخاب کو آرڈنیشن کمیٹی کی ذمہ داری ملی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کو لے کر کانگریس میں سرگرمی کافی تیز ہو چلی ہے۔ دراصل کانگریس نے جمعہ کو یو پی انتخاب کے لیے انتخابی مہم کمیٹی سمیت پانچ اہم کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ اس میں کانگریس کے سینئر لیڈر پی ایل پونیا کو بڑی ذمہ داری دیتے ہوئے یو پی انتخابی مہم کمیٹی کا سربراہ بنایا ہے۔ سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے انھیں منشور کمیٹی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو پی انتخاب کے لیے پی ایل پونیا کی قیادت میں انتخابی مہم کمیٹی، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کی قیادت میں منشور کمیٹی، سابق رکن پارلیمنٹ راجیش مشرا کی صدارت میں انتخابی پالیسی اور منصوبہ کمیٹی، سابق ریاستی صدر نرمل کھتری کی قیادت میں انتخاب کو آرڈنیشن کمیٹی اور آچاریہ پرمود کرشنم کی قیادت میں فرد جرم کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے۔


اس کے علاوہ کانگریس نے سینئر لیڈروں راجیو شکلا، بیگم نور بانو، ظفر علی نقوی کو انتخاب کو آرڈنیشن کمیٹی، آرادھنا مشرا، وویک بنسل کو منشور کمیٹی میں شامل کیا ہے۔ ان کے علاوہ یو پی انتخاب کے لیے بنی دیگر کمیٹیوں میں کانگریس کے ریاستی سطح کے لیڈروں کےس اتھ ہی کئی مرکزی لیڈروں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔

پارٹی نے ریاستی کانگریس کمیٹی میں کئی نئے عہدیداروں کی تقرری بھی کی ہے۔ ان میں اوپیندر سنگھ، مقصود خان اور جیونت سنگھ کو ریاستی کانگریس کمیٹی کا نائب سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں دنیش کمار سنگھ کو تنظیمی جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ 12 جنرل سکریٹری اور 31 سکریٹری کی بھی تقرری ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔