ہندوستان میں تیزی سے پاؤں پسار رہا ’بلیک فنگس‘، اب تک 7251 کیسز درج

مہاراشٹر، گجرات، مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں بلیک فنگس کا قہر شروع ہو گیا ہے۔ ملک میں اب تک 7251 کیسز سامنے آ چکے ہیں اور ان میں سے 219 مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کورونا وبا کے درمیان ہندوستان میں بلیک فنگس کا قہر شروع ہو گیا ہے۔ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، گجرات سمیت کئی ریاستوں میں بلیک فنگس نے اپنا پاؤں تیزی کے ساتھ پھیلانا شروع کر دیا ہے۔ اس کے اثرات کو دیکھتے ہوئے 7 ریاستوں نے اسے وبائی مرض بھی قرار دے دیا ہے۔ اس بلیک فنگس کی خطرناکی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں اب تک اس کے 7251 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے 219 کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔ بلیک فنگس کے سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹر میں سامنے آئے ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مہاراشٹر میں بلیک فنگس کے اب تک 1500 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 90 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے بعد گجرات میں 1163 کیس آئے اور 61 مریضوں کی جان چلی گئی۔ مدھیہ پردیش میں بلیک فنگس کے 575 کیسز آئے اور 31 کی موت ہو گئی۔ ہریانہ میں 268 اور دہلی میں 203 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ہریانہ میں 8 لوگوں کی اور دہلی میں ایک شخص کی جان جا چکی ہے۔


اتر پردیش، بہار، چھتیس گڑھ، کرناٹک، تلنگانہ میں ابھی تک 200 سے کم کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے تلنگانہ میں سب سے زیادہ 10 لوگوں کی جان گئی ہے۔ اتر پردیش میں 8 لوگوں کی ہلاکت ہوئی ہے، جب کہ بہار و چھتیس گڑھ میں بالترتیب دو اور ایک شخص کی جان گئی ہے۔ بلیک فنگس کے بڑھتے خطرہ کو دیکھتے ہوئے چنڈی گڑھ، آسام، تلنگانہ، راجستھان، گجرات، اڈیشہ اور پنجاب جیسی ریاستوں نے اس بیماری کو وبا قرار دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔