بنگال میں ضمنی انتخابات میں بی جے پی کے ووٹ فیصد میں نمایاں کمی

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کیے گئے حتمی اعداد و شمار کے مطابق حکمران جماعت ترنمول کو تقریباً 75 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ جب کہ بی جے پی کو صرف 14 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

بی جے پی کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کلکتہ: نمول کانگریس نے مغربی بنگال کی چار سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں نہ صرف شاندار جیت درج کی ہے بلکہ اپوزیشن جماعتوں کا تقریباً صفایا کر دیا ہے۔ 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے دوران بنگال میں اہم اپوزیشن پارٹی کے طور پر ابھرنے والی بی جے پی کے ووٹ شیئر میں بھی زبردست کمی آگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کیے گئے حتمی اعداد و شمار کے مطابق حکمران جماعت ترنمول کو تقریباً 75 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ جب کہ بی جے پی کو صرف 14 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ اپریل-مئی کے مہینے میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے دوران ترنمول کانگریس کو 47.39 فیصدووٹ ملے ہیں۔ جب کہ بی جے پی کو 38.09 فیصد ووٹ ملے تھے۔ مگر چار حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو محض 14.50 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ جو کہیں زیادہ کم ہے۔ جب کہ ترنمول کانگریس کے ووٹ فیصد میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے اور پارٹی کو 74.99 فیصد ووٹ ملے ہیں۔


بی جے پی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں 18 سیٹوں کے ساتھ 40.7 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ وہیں 2019 لوک سبھا میں ترنمول کو 43.3 فیصد ووٹ ملے تھے۔ ترنمول کے ممبران اسمبلی کی تعداد بھی بڑھ کر 217 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے ممبران اسمبلی کی تعداد بھی 77 سے کم ہو کر 70 رہ گئی ہے۔ اس بار ضمنی انتخاب میں سی پی آئی کو .8 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

ترنمول نے ضمنی انتخابات میں دنہاٹا اور شانتی پور سیٹیں بھی بی جے پی سے چھین لیں۔ دنہاٹا میں ترنمول کے اُدین گوہا نے بی جے پی کے اشوک منڈل کو ایک لاکھ 64 ہزار890 ووٹوں سے شکست دی۔ یہ سیٹ اس سال اپریل-مئی میں وزیر مملکت برائے داخلہ نتیش پرمانک نے جیتی تھی۔ اسی طرح گوسابہ میں ترنمول نے بی جے پی کو ایک لاکھ 43 ہزار150 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ ترنمول کے سبرت منڈل کو ایک لاکھ 61 ہزار 474 ووٹ ملے، جبکہ بی جے پی کے پلاش راہا کو محض 18 ہزار 423 ووٹوں سے مطمئن ہونا پڑا۔


اسی طرح شانتی پور اسمبلی حلقہ میں ترنمول کے برج کشور گوسوامی نے بی جے پی کے نرنجن وشواس کو ریکارڈ 64 ہزار 675 ووٹوں سے شکست دی۔ کھردہ اسمبلی حلقہ میں ریاستی وزیر شوبھندیو چٹوپادھیائے نے بی جے پی کے جوئے ساہا کو 93 ہزار 832 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

ضمنی انتخاب میں شکست پر بی جے پی کے بنگال انچارج اور پارٹی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ مغربی بنگال میں ترنمول بندوق اور تلوار کے زور پر دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کو اپنی پارٹی میں شامل کر رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بھی مسلم دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے ہندوستان میں اسلام تلوار کے ذریعہ آیا ہے اسی طرح بنگال میں بھی ترنمول کانگریس دہشت کے ذریعہ اقتدار میں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔